پاکستان میں یورپی فلم فیسٹیول (EUFF) کا پانچواں ایڈیشن رواں ماہ منعقد ہوگا، جس کے تحت یورپی سنیما کی منتخب فلمیں اسلام آباد، سیالکوٹ اور جامشورو میں پیش کی جائیں گی۔ فیسٹیول کا انعقاد 12 سے 30 ستمبر تک کیا جائے گا۔
پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے زیر اہتمام ہونے والے فیسٹیول کا آغاز 12 اور 13 ستمبر کو اسلام آباد سے ہوگا، جہاں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) میں فلموں کی نمائش کی جائے گی۔
View this post on Instagram
فیسٹیول کا دوسرا مرحلہ 16 اور 17 ستمبر کو سیالکوٹ میں ہوگا۔ سیالکوٹ میں پہلی مرتبہ یورپی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جارہا ہے، جہاں گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی اور دی گرڈ میں فلموں کی نمائش ہوگی۔
فیسٹیول کا تیسرا اور آخری مرحلہ 29 اور 30 ستمبر کو جامشورو میں منعقد ہوگا، جہاں شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز میزبانی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ جنگ پر دستاویزی فلم ’نازا‘ وینس فیسٹیول میں گولڈن لائن کی امیدوار
رواں سال فیسٹیول کے تفصیلی پروگرام کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم گزشتہ ایڈیشن میں یورپی یونین کے مختلف ممالک کی فیچر فلموں اور مختصر فلموں کے علاوہ بچوں اور خاندانوں کے لیے خصوصی فلمیں بھی پیش کی گئی تھیں۔
فیسٹیول میں فلموں کی نمائش کے ساتھ انٹرایکٹو تنصیبات، ڈرامائی ریڈنگز، سوشل ڈانسز اور کھانے کے اسٹالز بھی شامل رہے ہیں۔ گزشتہ برس یہ فیسٹیول عوام کے لیے مفت تھا اور اس میں طلبہ، خاندانوں، فنکاروں، سفارت کاروں اور فلم شائقین نے شرکت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سرخ بالوں کی خوبصورتی کا جشن، نیدرلینڈز میں سالانہ ریڈ ہیڈ فیسٹیول
یورپی فلم فیسٹیول کا مقصد سینما کے ذریعے مختلف معاشروں اور ثقافتوں کے درمیان رابطے اور مکالمے کو فروغ دینا ہے۔ اس کے سابقہ ایڈیشنز پاکستان کے مختلف شہروں، جن میں کوئٹہ، پشاور، گلگت، فیصل آباد، گجرات اور ملتان شامل ہیں، میں بھی منعقد ہوچکے ہیں۔














