نجی کلب سے 40 کلو زائد المیعاد مرچیں برآمد، کچن سیل

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت کے شہر بنگلورو میں ایک معروف نجی کلب کے کچن کو حفظانِ صحت کے ناقص انتظامات اور زائد المیعاد اشیائے خورونوش کی موجودگی پر بند کر دیا گیا۔

حکام نے کارروائی کے دوران 40 کلو گرام زائد المیعاد مرچیں اور دیگر غذائی اشیا بھی ضبط کرلیں۔

محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے فوڈ سیفٹی ونگ نے ریاستی وزیر صحت یو ٹی قادر کی ہدایت پر 3 ستمبر کو سہاکارن نگر میں گریٹر بنگلورو اتھارٹی کے زیر انتظام چیئرمینز کلب کا معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: فائیو اسٹار ہوٹلوں کے کھانوں میں بدبودار گوشت، سبزیاں اور زائدالمیعاد دودھ کا استعمال

محکمے کے مطابق معائنے کے دوران فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز رولز 2011 کی متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

حکام کے مطابق کچن میں خوراک کی تیاری کے لیے 40 کلو گرام زائد المیعاد مرچیں ذخیرہ کی گئی تھیں، اس کے علاوہ 5 کلو گرام بریڈ کرمز اور 2 کلو گرام سجیرا فوڈ مصنوعات پر بھی مقررہ قواعد کے برخلاف نامناسب لیبلنگ پائی گئی۔

معائنے کے دوران خوراک کی تیاری اور ذخیرہ کرنے والے مقامات پر انتہائی ناقص اور غیرصحت بخش حالات بھی سامنے آئے۔

حکام نے خوراک میں غیرمجاز یا ممنوعہ مصنوعی رنگوں کے استعمال یا ذخیرہ کیے جانے کی نشاندہی بھی کی۔

محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے کمشنر سری نواس کے مطابق کچن میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے علاوہ زائد المیعاد اشیائے خورونوش بھی پائی گئیں، جنہیں ضبط کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: مہاراشٹر کے اسکولوں اور اطراف میں وڑا پاؤ، سموسے سمیت جنک فوڈ پر پابندی

فوڈ سیفٹی اور حفظانِ صحت سے متعلق سنگین خامیوں کے پیش نظر کلب کے کچن کو بند کر دیا گیا۔

محکمے نے مزید بتایا کہ کلب انتظامیہ خوراک کو ذخیرہ کرنے اور سنبھالنے سے متعلق مطلوبہ حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے میں ناکام رہی۔

معائنے کے دوران سبزی اور گوشت پر مشتمل غذائی اشیا ایک ساتھ ذخیرہ کی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: محکمہ فوڈ کے اسٹورز اور گوداموں پر چھاپے، امپورٹڈ ایکسپائرڈ سامان قبضے میں لے لیا گیا

حکام کے مطابق کلب کے خلاف فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 اور متعلقہ قواعد کے تحت مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ فوڈ سیفٹی اور حفظانِ صحت کے معیار کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف مسلسل معائنے اور سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp