ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی، 4 تمغے اپنے نام کر لیے!

ہفتہ 5 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان نے رسہ کشی اور ماس ریسلنگ کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کانسی کے تمغے جیت لیے ہیں۔

پاکستانی دستے نے مختلف روایتی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے اس بین الاقوامی ایونٹ کا ایک انتہائی مثبت اور کامیاب اختتام کیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رسہ کشی (ٹگ آف وار) کے 11 ایکس مقابلے میں طیب رضا اعوان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے روس، جارجیا اور برطانیہ کے کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے شکست دی، جبکہ تیسری پوزیشن کے فیصلہ کن میچ میں ایرانی حریف کو پچھاڑ کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈ نومیڈ گیمز: رسہ کشی کے مقابلے میں پاکستان کا راج، بھارت اور کوریا دونوں کو پچھاڑ دیا

اسی طرح 88 ایکس رسہ کشی کے ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستان نے روایتی حریف بھارت سمیت دیگر ممالک کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور بالآخر ایران کو ہرا کر ایک اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

اس ایونٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کا مقابلہ برطانیہ، روس، جنوبی کوریا، قازقستان، کرغزستان، برازیل اور جارجیا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوا، جہاں قومی کھلاڑیوں نے شاندار مزاحمت اور طاقت کا مظاہرہ کیا۔

ماس ریسلنگ میں کامیابیاں اور آفیشلز کا ردعمل

ماس ریسلنگ کے میدان میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس نے ملک کا نام روشن کیا۔ 90 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عاصم نے ایک سخت مقابلے کے بعد ایرانی ریسلر کو شکست دے کر تیسرا کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ خواتین کی 90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں اقرا نصیب نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مزید ایک کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 4 کر دی۔

مزید پڑھیں:وزیرِاعظم شہباز شریف کی ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت، عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

اتوار کو باقاعدہ طور پر اختتام پذیر ہونے والے ان کھیلوں میں پاکستان نے گھڑ سواری، ماس ریسلنگ، رسہ کشی اور تیر اندازی میں حصہ لیا تھا۔

بشکیک میں موجود پاکستانی دستے کے ایک عہدیدار نے اس شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ‘یہ ایک شاندار سفر تھا۔ ہمارے ایتھلیٹس نے بہترین کارکردگی دکھائی اور ہم ان نتائج پر بے حد خوش ہیں’۔

ورلڈ نومیڈ گیمز دراصل وسطی ایشیا اور خانہ بدوش قوموں کی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک بڑا عالمی ایونٹ ہے۔

سال 2014 میں شروع ہونے والے ان کھیلوں کا یہ 6 واں ایڈیشن تھا، جس میں دنیا بھر سے آئے کھلاڑیوں نے روایتی کشتی، تیر اندازی، گھڑ دوڑ اور رسہ کشی جیسے قدیم اور مقامی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ پاکستان کی ان کھیلوں میں بھرپور شرکت اور کامیابی روایتی کھیلوں سے ملک کی جڑی ہوئی تاریخ اور لگاؤ کی عکاس ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp