امریکی ریپر میکلمور نے فلسطین پر اسرائیلی قبضے اور غزہ میں جاری جنگ کے خلاف اپنے مؤقف کو ایک بار پھر دوٹوک انداز میں دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ’فری فلسطین‘ کا مطالبہ کسی مذہب یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ امن، محبت، مساوات اور انسانی وقار کے لیے ہے۔
نیویارک کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کنسرٹ کے دوران میکلمور نے شائقین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے حالیہ دورۂ موسیقی پر جانے کی ایک بڑی وجہ یہ تھی کہ وہ امریکا بھر کے اسٹیجز اور اسٹیڈیمز میں کھڑے ہو کر اپنے دل کے قریب 2 الفاظ ‘فری فلسطین’ کہنا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطین کے حق میں نعرے لگانے پر برطانوی میوزک بینڈ کے اراکین امریکا جانے سے محروم
میکلمور نے کہا کہ وہ یہ پیغام بلند اور واضح انداز میں دینا چاہتے ہیں تاکہ غزہ سے لے کر مقبوضہ مغربی کنارے تک فلسطینیوں کو معلوم ہو کہ دنیا نے انہیں فراموش نہیں کیا۔
انہوں نے یہ گفتگو اپنا احتجاجی گانا ’ہنڈز ہال‘ پیش کرنے سے قبل کی، یہ گانا انہوں نے 2024 میں غزہ پر اسرائیلی جنگ کے خلاف احتجاج کرنے والے امریکی طلبہ کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے جاری کیا تھا۔
US rapper @macklemore releases new track "Hind’s Hall" in solidarity with student protesters across the US. pic.twitter.com/cAQ8s8VVGN
— Quds News Network (@QudsNen) May 6, 2024
میکلمور نے بالخصوص کولمبیا یونیورسٹی کے طلبہ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان طلبہ نے اپنی ڈگریوں، فیس اور وظائف کو خطرے میں ڈال کر احتجاج کرتے ہوئے بلند آواز میں ’نہیں‘ کہا۔
انہوں نے دنیا بھر کے یہودیوں کے نام بھی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل پر تنقید، نسل پرستی کی مخالفت اور نسل کشی کے خلاف آواز اٹھانے کا مطلب ہرگز یہودیوں پر تنقید نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: 58 فیصد امریکی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے حامی، سروے رپورٹ
’میرا پیغام امن اور محبت کا ہے، میں چاہتا ہوں کہ تمام انسانوں کے ساتھ وقار، احترام اور مساوات کا سلوک کیا جائے۔‘
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ فری فلسطین، فری لبنان، فری کیوبا، فری کانگو، فری سوڈان اور امریکا میں خوف کے ماحول میں رہنے والے تمام لوگوں کو آزادی ملے۔
’ہم میں سے کوئی بھی اس وقت تک آزاد نہیں ہوگا جب تک ہم سب آزاد نہیں ہوتے۔‘
مزید پڑھیں: آرٹ فار لائف،آرٹ فار غزہ آرٹسٹ کیمپ: اداکار جمال شاہ کا فلسطینیوں کی مدد کا منفرد انداز
بعد ازاں انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو کے ساتھ جاری کی گئی تحریر میں میکلمور نے کہا کہ لوگوں کے ساتھ مساوی سلوک کی خواہش ’متنازع بات نہیں ہونی چاہیے۔‘
میکلمور کے اس بیان کے بعد اسرائیلی امریکن کونسل نے ایک پٹیشن شروع کردی، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ انہیں ایڈ شیرن کے امریکی میوزک ٹور سے نکالا جائے، نیویارک میں میکلمور کا مذکورہ کنسرٹ بھی ایڈ شیرن کے ٹور کا حصہ تھا۔
مزید پڑھیں: امریکی سیاست میں اشتعال انگیز بیانیہ حد سے بڑھ چکا، گیلپ سروے
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں اور ہلاکتیں جاری ہیں، 2023 میں جنگ کے آغاز سے اب تک تقریباً 73 ہزار 500 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ گزشتہ برس اکتوبر سے جنگ بندی بھی نافذ ہے۔
لبنان بھی اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا سامنا کر رہا ہے، جہاں اسرائیل نے ملک کے بعض علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے، 2023 سے اب تک لبنان میں بھی تقریباً 9 ہزار افراد اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔













