دہلی میں 17 سالہ لڑکی اجتماعی زیادتی کے بعد قتل، لاش کتوں نے نوچ ڈالی

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نئی دہلی میں 17 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کے بعد قتل کرنے کے الزام میں پولیس نے 3 کم عمر افراد سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے لڑکی کو چاقو کے وار کرکے قتل کیا اور لاش ایک کھلے میدان میں پھینک دی، جہاں آوارہ کتوں نے لاش کے کچھ حصوں کو نوچ لیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی کی لاش 13 ستمبر کو شمال مغربی دہلی کے سوروپ نگر علاقے میں ایک کھیت کے قریب سے ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کئی روز تک پڑی رہنے کے باعث بری طرح گل سڑ چکی تھی اور ابتدائی طور پر اس کی جنس بھی معلوم نہیں ہوسکی تھی۔

پولیس کے مطابق لڑکی اور چاروں ملزمان ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ واقعے کے روز لڑکی ان کے ساتھ ایک ٹیمپو میں سفر کررہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹیمپو میں ملزمان اور لڑکی نے مبینہ طور پر شراب پی، جس کے بعد لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے اہل خانہ نے اس کی گمشدگی کی اطلاع نہیں دی تھی، کیونکہ وہ اکثر گھر سے کئی روز کے لیے چلی جاتی اور پھر واپس آجاتی تھی۔

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے علاقے اور قریبی راستوں کی 50 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا۔ تفتیش کے دوران ایک ٹیمپو مشتبہ نظر آیا، تاہم اندھیرے کے باعث اس کی نمبر پلیٹ واضح نہیں تھی۔ پولیس نے مختلف مقامات پر موجود کیمروں کی مدد سے ٹیمپو کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔

پولیس کے مطابق 15 اور 16 ستمبر کی درمیانی شب ٹیمپو کو تلاش کرلیا گیا اور اس کے ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد تفتیش آگے بڑھی اور 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:دہلی میں ہولناک سانحہ: بیٹے نے ماں، باپ اور بھائی کو قتل کر ڈالا

گرفتار افراد میں بالغ ملزم کی شناخت شِوام عرف سداما عرف چچو کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ دیگر 3 ملزمان کی عمریں 16 اور 17 سال بتائی گئی ہیں۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والے 2 چاقو، ملزمان کے پہنے ہوئے کپڑے اور ٹیمپو بھی برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ہر ملزم کے کردار اور فرانزک شواہد کی مزید جانچ جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp