زرمبادلہ کے ذخائر کی بلند ترین سطح، وزیراعظم نے 21.4 ارب ڈالر کو اہم سنگِ میل قرار دے دیا

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنا حکومت کی معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترسیلاتِ زر اور خدمات کی برآمدات میں نمایاں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں:10 روپے کے نوٹ کی تبدیلی کی آخری تاریخ؟ اسٹیٹ بینک نے وضاحت کردی

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کیپیٹل مارکیٹس تک پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی بھی ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے۔

وزیراعظم کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہ صرف ملک کی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا بلکہ عالمی معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی پاکستان کی استعداد بھی کئی گنا بڑھائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مستحکم معاشی پوزیشن ملک میں بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

وزیراعظم نے اس اہم کامیابی پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک، حکومت کی معاشی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp