ملک بھر میں دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر، ڈیموں میں ذخائر تسلی بخش

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور، حکومت پاکستان، وزارت دفاع کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹس کے مطابق ملک بھر کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے اور کسی مقام پر سیلابی صورتحال نہیں۔ تربیلا اور منگلا ڈیموں میں بھی پانی کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ، کابل، جہلم، چناب، راوی اور ستلج سمیت ملک کے تمام بڑے دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے، جبکہ مختلف مقامات پر فلو اسٹیٹس بھی معمول کے مطابق ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 540.38 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے اور ڈیم تقریباً 90 فیصد بھرا ہوا ہے، جبکہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 218.90 فٹ ہے اور اس میں تقریباً 75.9 فیصد پانی موجود ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں بھی نمایاں فرق ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں مری میں کم سے کم درجہ حرارت 11.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قصور میں زیادہ سے زیادہ 36.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:بارشوں کا سلسلہ تھم گیا، بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان

خیبر پختونخوا میں کالام 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سرد ترین مقامات میں رہا جبکہ ڈی آئی خان ایئرپورٹ پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سندھ میں میرپور خاص میں کم سے کم درجہ حرارت 24.5 ڈگری جبکہ خیرپور اور دادو میں زیادہ سے زیادہ 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ بلوچستان میں قلات کا کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری جبکہ تربت میں زیادہ سے زیادہ 41.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بابوسر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.9 ڈگری جبکہ مظفرآباد میں زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی رپورٹس کے مطابق ملتان سمیت بعض علاقوں میں مقامی سطح پر ہلکی سے درمیانی بارش بھی ریکارڈ ہوئی، تاہم مجموعی طور پر ملک میں دریاؤں اور آبی ذخائر کی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp