پاکستان اور جنوبی کوریا کی عدلیہ کے درمیان تاریخی پیشرفت، جلد ایم او یو پر دستخط کا اصولی فیصلہ

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر عدالتی روابط اور جدید اصلاحات کے فروغ کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں منعقدہ ’ایشیا و بحرالکاہل کے چیف جسٹس صاحبان کی 20ویں کانفرنس‘  میں سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی نمائندگی کی، جہاں پاکستان اور جنوبی کوریا کی اعلیٰ عدلیہ کے درمیان عدالتی تعاون کے لیے ایک باقاعدہ مفاہمتی یادداشت (MoU) پر اصولی اتفاق کر لیا گیا ہے۔

کانفرنس کے دوران عدلیہ کے بدلتے ہوئے عالمی کردار، نظامِ انصاف کو درپیش جدید چیلنجز، عدالتی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عالمی عدالتی قیادت سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں

کانفرنس کے موقع پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ترکیہ، آذربائیجان، ملائیشیا، سنگاپور اور جنوبی کوریا کی اعلیٰ عدالتی قیادت سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔

چیف جسٹس فیڈرل کورٹ آف ملائیشیا سے ملاقات میں دونوں ممالک کے عدالتی اداروں کے درمیان سیکھنے اور استعدادِ کار بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔

چیف جسٹس سپریم کورٹ آف سنگاپور سے ملاقات کے دوران جدید عدالتی انتظام، عدالتی تعلیم اور ٹیکنالوجی پر مبنی انصاف کے نظام میں باہمی تعاون کو وسیع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ کے وزیر برائے نیشنل کورٹ ایڈمنسٹریشن جسٹس نو گیونگ پِل سے تفصیلی ملاقات میں دونوں ممالک کی سپریم کورٹس کے درمیان ڈیجیٹل تبدیلی اور عدالتی استعدادِ کار کو بہتر بنانے پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان تاریخی ایم او یو پر اتفاق

ان دوطرفہ ملاقاتوں کا سب سے اہم نتیجہ پاکستان اور جنوبی کوریا کی سپریم کورٹس کے درمیان عدالتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر اصولی اتفاق کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

یہ مجوزہ معاہدہ دونوں ممالک کی عدلیہ کے درمیان عدالتی تبادلوں، بہترین طریقۂ کار کے اشتراک اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ایک باقاعدہ فریم ورک فراہم کرے گا۔ اس اہم ایم او یو پر چیف جسٹس آف پاکستان کے آئندہ دورۂ جنوبی کوریا کے دوران باقاعدہ دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔

سیول کانفرنس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کی یہ فعال شرکت عالمی سطح پر ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے اور جدید عدالتی نظام سے استفادہ کرنے کی ان کوششوں کا تسلسل ہے، جس کے تحت پاکستان کی سپریم کورٹ دنیا بھر کے نظامِ انصاف سے سیکھنے اور اسٹریٹجک شراکت داری قائم کرنے کے لیے پیش قدمی کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp