بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان گنپتی کی تقریبات میں شرکت کے لیے سیاسی رہنما آشیش شیلار کی رہائش گاہ پہنچے جہاں مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں گھیر لیا۔ اس دوران ہجوم میں گاڑی نکالتے ہوئے ایک مداح کا پاؤں گاڑی کے نیچے آگیا جس پر سلمان خان اپنے ڈرائیور پر برہم ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان کی گاڑی کے گرد بڑی تعداد میں مداح موجود ہیں جبکہ سیکیورٹی اہلکار ہجوم کو قابو کرنے اور گاڑی کے لیے راستہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
This is the real and complete video, you MF just post a 8 second video and troll him.
This video make me proud as a Fan of Salman Bhai.
Salman Khan angry at his driver after fan's foot comes under the car. https://t.co/OtLO21T4Xa pic.twitter.com/fbbo4wKTwF
— Filmy_Duniya (@SalmanKingfv) September 18, 2026
ویڈیو کے مطابق ڈرائیور نے ہجوم کے درمیان سے گاڑی آگے بڑھانے کی کوشش کی تو ایک مداح کا پاؤں گاڑی کے نیچے آگیا جس کے بعد متاثرہ شخص کو تکلیف میں دیکھا گیا۔ موقع پر موجود پاپارازی نے ڈرائیور سے گاڑی تھوڑی پیچھے کرنے کی درخواست بھی کی۔
اس صورتحال پر سلمان خان بظاہر غصے میں آگئے اور ڈرائیور کو ڈانٹنے کے ساتھ اس کے ہاتھ پر بھی ہاتھ مارتے نظر آئے۔ بعد ازاں انہوں نے ڈرائیور کو گاڑی ہجوم سے دور لے جانے کی ہدایت کی۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سلمان خان کے اس رویے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ بعض صارفین نے اداکار کے اقدام کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مداح کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے مداخلت کی جبکہ کچھ صارفین نے ڈرائیور کو ہاتھ مارنے پر سلمان خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں: سلمان خان کے باڈی گارڈ کے بیٹے کی قسمت جاگ گئی، فلم میں چانس مل گیا
اس سے قبل بھی گنپتی درشن کے موقع پر مداحوں کے بے قابو ہجوم کے باعث سلمان خان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف ویڈیوز میں اداکار کو ہاتھ جوڑ کر مداحوں سے راستہ دینے کی درخواست کرتے دیکھا گیا۔
اسی دوران ایک بچہ بھی سلمان خان کے قریب پہنچا جس سے اداکار نے ہاتھ ملایا۔ سلمان نے سیکیورٹی اہلکاروں کو بچے کو پیچھے دھکیلنے سے روکا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ بچہ بحفاظت ہجوم سے باہر نکل جائے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اس وقت ’بگ باس 20‘ کی میزبانی کے ساتھ اپنی نئی فلم ’SVC63‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں۔ وشنو پیڈپلی کی ہدایت کاری میں بننے والی ایکشن تھرلر فلم میں سلمان خان پہلی مرتبہ جنوبی بھارتی اداکارہ نین تارا کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔
یہ فلم عید 2027 کے موقع پر سینما گھروں میں پیش کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ سلمان خان کی ایک اور فلم ’ماتربھومی‘ بھی زیرِ تکمیل ہے، جس کی ہدایت کاری اپوروا لاکھیا کر رہے ہیں۔ فلم کی ریلیز ابتدائی طور پر رواں برس اپریل میں شیڈول تھی، تاہم بعد میں اسے مؤخر کردیا گیا اور تاحال نئی ریلیز تاریخ سامنے نہیں آئی۔














