خیبر پختونخوا میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے دوران صوبے بھر میں تقریباً 73 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم پشاور اور خیبر میں 7 روز، جبکہ دیگر اضلاع میں 4 روز تک جاری رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کے 32 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آج سے آغاز
مہم کے لیے 35 ہزار سے زائد پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے لیے تقریباً 50 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ایمرجنسی آپریشنز سینٹر خیبر پختونخوا کے مطابق مہم کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
صوبائی وزیرِ صحت خلیق الرحمان اور چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ نے گزشتہ جمعے کو مہم کا افتتاح کیا تھا۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم سے پولیو اوورسائیٹ بورڈ کے وفد کی ملاقات، پولیو کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
حکام کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال صوبے میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ سال خیبر پختونخوا میں پولیو کے 20 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جبکہ رواں سال اب تک 3 کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں 2 بنوں اور ایک شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوا ہے۔














