بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ ماں بننے کے بعد انہوں نے خوبصورتی اور اپنی صحت کو پہلے سے مختلف انداز میں دیکھنا شروع کردیا ہے۔ اب ان کے لیے خوبصورت نظر آنا صرف ظاہری شکل برقرار رکھنے کا نام نہیں، بلکہ خود کو اندر سے صحت مند اور بہتر محسوس کرنا بھی ہے۔
کترینہ کیف نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں حمل کے بعد اپنی جلد میں آنے والی تبدیلیوں، اسکن کیئر روٹین اور ’کے بیوٹی‘ کی اسکن کیئر مصنوعات متعارف کرانے کے بارے میں بات کی۔
یہ بھی پڑھیے ’کترینہ کیف نے مجھے انتہائی رومانٹک بنادیا ہے‘ وکی کوشل
اداکارہ کے مطابق زچگی کے بعد ان کی جلد پہلے سے زیادہ حساس ہوگئی ہے، جس کے باعث انہیں اپنی اسکن کیئر روٹین پر دوبارہ غور کرنا پڑتا ہے۔ اب وہ ایسے پروڈکٹس استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہیں جو جلد کو سکون دیں اور اسے بہتر محسوس کرائیں۔
کترینہ کا کہنا ہے کہ ان کی جلد کی ضروریات ہر وقت ایک جیسی نہیں رہتیں۔ ذہنی دباؤ، سوزش، سفر اور مسلسل کام بھی جلد پر اثر انداز ہوتے ہیں، اس لیے وہ اب اپنی جلد کی حالت دیکھ کر اس کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔
View this post on Instagram
کترینہ نے بتایا کہ جب انہوں نے ماڈلنگ اور اداکاری کا آغاز کیا تھا تو اس وقت خوبصورتی کے کچھ مخصوص معیار اور تصورات عام تھے، جن کے مطابق خود کو دیکھنے اور پیش کرنے کا دباؤ بھی محسوس ہوتا تھا۔
تاہم، وقت کے ساتھ ان کی سوچ بدل گئی ہے۔ اب ان کے لیے اچھا نظر آنے کا تعلق اس بات سے زیادہ ہے کہ وہ خود کو کتنا اچھا اور صحت مند محسوس کرتی ہیں۔
ان کے مطابق صحت مند غذا، جسم کو متحرک رکھنا، مراقبہ، صبح کے وقت کچھ دیر فون سے دور رہنا اور دن کا آغاز قدرتی روشنی سے کرنا ان عادات میں شامل ہیں جو ان کی مجموعی کیفیت بہتر کرتی ہیں اور اس کا اثر جلد پر بھی نظر آتا ہے۔
کترینہ کے مطابق جب انسان اندر سے صحت مند اور پُرسکون محسوس کرتا ہے تو اس کا اعتماد بھی چہرے سے جھلکنے لگتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے جب سلمان خان نے کترینہ کیف کو چھڑی سے مارا؟
اداکارہ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ مسلسل کام کرتے رہنے کی عادت کے باعث ان کے لیے خود کو کام سے دور کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔ فلموں اور ’کے بیوٹی‘ کے کام میں مصروف رہنے کے باوجود وہ اب خاندان اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنے اور ذہن کو آرام دینے کے لیے وقت نکالنے کی کوشش کرتی ہیں۔
کترینہ کا کہنا ہے کہ آج کے ایسے دور میں، جہاں موبائل اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہر وقت معلومات اور تفریح دستیاب ہیں، ذہن کو کچھ دیر کے لیے شور سے دور رکھنا اور خاموشی کے لمحات پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔
کترینہ کا یہ انٹرویو ممبئی میں امبانی خاندان کی گنیش چترتھی تقریب میں شوہر وکی کوشل کے ہمراہ شرکت کے چند روز بعد سامنے آیا، جہاں ان کی بعد از زچگی ظاہری شکل پر سوشل میڈیا پر تبصرے کیے گئے تھے۔ دونوں کے ہاں نومبر 2025 میں بیٹے ویہان کی پیدائش ہوئی تھی۔














