بھارت نے منگل کو جاپان کے خلاف بارش سے متاثرہ تاریخی ٹی20 انٹرنیشنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان ٹیم کو صرف 2 رنز سے شکست دے دی، تاہم آخری اوور میں ایک متنازع وائیڈ فیصلے کی واپسی نے میچ کا نتیجہ تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سانو انٹرنیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جانے والا یہ میچ گیلی آؤٹ فیلڈ کے باعث 5 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم سست اور ٹرننگ پچ پر بھارتی بلے باز مشکلات کا شکار رہے اور مقررہ 5 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر صرف 32 رنز بنا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: بیس بال کے دیس میں کرکٹ کی انٹری، جاپان عالمی ٹیموں کا میزبان
کپتان شریاس ایئر 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
ہدف کے تعاقب میں جاپان نے بھی شاندار مزاحمت کی اور آخری اوور شروع ہونے تک اسے فتح کے لیے صرف 8 رنز درکار تھے۔
🚨India defeated Japan by just 2 runs in T20IS match.
– But not before creating a drama and forced to reversed the decision of on field Umpire Call if wide ball. pic.twitter.com/eh9GxcbOiA
— Kashif (@KashifNdmCric) September 22, 2026
بھارت کی جانب سے آخری اوور اکشر پٹیل نے کرایا، جس میں اس وقت ڈرامائی صورتحال پیدا ہوئی جب امپائر کرس تھرگیٹ نے بائیں ہاتھ کے بلے باز الیگزینڈر شرائی پیٹمور کے ریورس سوئپ کی کوششوں کے دوران 2 گیندوں کو وائیڈ قرار دے دیا۔
اکشر پٹیل اور وکٹ کیپر سنجو سیمسن نے فیصلے سے واضح اختلاف کیا، جس کے بعد بھارتی کپتان شریاس ایئر نے اسکوائر لیگ امپائر کرس براؤن سے بات کی۔
مزید پڑھیں: جاپان ایشین گیمز: رہائشی بحران کے باوجود کرکٹرز کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی
دونوں امپائرز کے درمیان مشاورت کے بعد دوسری وائیڈ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا اور گیند کو قانونی قرار دے دیا گیا۔
اس فیصلے کے بعد جاپان مطلوبہ رنز نہ بنا سکا اور مقررہ 5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز تک محدود رہا، یوں بھارت نے مقابلہ صرف 2 رنز سے جیت لیا۔
اگر وائیڈ کا اصل فیصلہ برقرار رہتا تو جاپان کو ایک اضافی رن کے ساتھ ایک اضافی گیند بھی ملتی، جبکہ میچ کا فیصلہ پہلے ہی انتہائی معمولی فرق سے ہوا۔

یوں فیصلے کی واپسی بھارت کو ایک بڑے اپ سیٹ سے بچانے میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 2 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے 13 رنز دیے، جبکہ اکشر پٹیل نے اپنے 2 اوورز میں صرف 7 رنز دیے۔
جاپان کے چارلی ہارا ہنزے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ ایک میچ پر مشتمل ٹی20 سیریز دونوں ٹیموں کی ایشین گیمز کی تیاریوں کا حصہ تھی۔














