سائبر کرائم گروپ شائنی ہنٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے نظام میں نقب لگا کر ادارے کے تقریباً تمام ایجنٹس، ان کے شریکِ حیات اور ایف بی آئی میں ملازمت کے لیے درخواستیں دینے والے افراد سے متعلق حساس معلومات چوری کرلی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق شائنی ہنٹرزنے منگل کو اپنی ڈارک ویب لیک سائٹ پر دعویٰ کیا کہ اس نے ایف بی آئی کو ہیک کرلیا ہے اور ادارے کے ’تقریباً تمام ایجنٹس‘ اور ایف بی آئی میں ملازمت کے لیے درخواست دینے والے افراد کا انتہائی حساس ڈیٹا اس کے قبضے میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کے اہم ہوائی اڈے بڑے سائبر حملے کی زد میں: لاکھوں مسافروں کا ڈیٹا ہیکرز کے ہاتھ لگ گیا
ہیکرز نے مبینہ طور پر چوری شدہ ڈیٹا کا ایک نمونہ اور ایف بی آئی کی بھرتی سے متعلق ویب سائٹ کو متاثر کرنے کا اسکرین شاٹ بھی جاری کیا۔
گروپ کا کہنا ہے کہ اس نے کئی ٹیرا بائٹس پر مشتمل معلومات حاصل کی ہیں، جن میں افراد کے نام، گھریلو پتے اور فون نمبرز شامل ہیں۔
20260922 WASHINGTON DC
FBI Hacked
Hacker(s) Say they have Information on Almost Every FBI Agent pic.twitter.com/yWjODN6WRr— Robert Waloven (@comlabman) September 23, 2026
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چوری شدہ ڈیٹا کے نمونے میں شامل بعض افراد کی معلومات سے بظاہر مماثلتیں ملیں، تاہم یہ تصدیق نہیں ہوسکی کہ یہ معلومات واقعی ایف بی آئی کے سسٹمز سے چوری کی گئی ہیں۔
ایف بی آئی نے سائبر حملے یا مبینہ طور پر چوری کیے گئے ڈیٹا کے حجم کی تصدیق نہیں کی۔
تاہم 404 میڈیا کے مطابق ایف بی آئی کے ایک ترجمان نے کہا کہ ادارہ ایف بی آئی جابس ڈاٹ جی او وی پر غیر مجاز سرگرمی سے متعلق دعووں سے آگاہ ہے اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں: لندن کی نرسری چین پر ہیکرز کا حملہ: 8 ہزار بچوں کا ڈیٹا چوری
منگل کو ایف بی آئی کی ملازمتوں سے متعلق ویب سائٹ اور خصوصی ایجنٹوں کے درخواست گزاروں کے پورٹل بھی عارضی طور پر دستیاب نہیں رہے۔
شائنی ہنٹرز کے مطابق سائبر حملے کا آغاز اوریکل پیپل سوفٹ سرور کو متاثر کرنے سے ہوا، جو انسانی وسائل کے شعبوں میں عام طور پر استعمال ہونے والا سافٹ ویئر ہے۔
ہیکرز کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد وہ ایمازون کے زیرِ انتظام ایک سرکاری کلاؤڈ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، جہاں ایف بی آئی کے اہلکاروں اور ملازمت کے درخواست گزاروں کا ڈیٹا موجود تھا۔ تاہم ایف بی آئی یا متعلقہ کمپنیوں نے اس دعوے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
Allegedly the @FBI has been hacked by a group called Shiny Hunters and exposed all employees and their spouses information. Including taking over the jobs website for the FBI. #DataBreach #FBI pic.twitter.com/45OOFJRXIy
— CajunDiva (@RealCajunDiva) September 23, 2026
ہیکنگ گروپ کا کہنا ہے کہ حملہ مالی فائدے کے لیے نہیں کیا گیا بلکہ اس کا مقصد ایف بی آئی پر دباؤ ڈالنا ہے کہ وہ مئی میں جاری کی گئی ایک سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری واپس لے۔
شائنی ہنٹرز کا مؤقف ہے کہ مذکورہ ایڈوائزری میں گروپ کے بارے میں غلط الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ایف بی آئی نے مئی کی ایڈوائزری میں شائنی ہنٹرز سے منسلک ہیکرز پر متاثرین کو دھمکانے، ہراساں کرنے اور بعض صورتوں میں ’سویٹنگ‘ جیسے حربے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
مزید پڑھیں: برطانوی فن ٹیک کمپنی میں ڈیٹا لیک، پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کی نقول بھی متاثر
ایڈوائزری میں یہ بھی خبردار کیا گیا تھا کہ سائبر جرائم پیشہ عناصر بعض اوقات اپنے ہاتھ لگنے والے ڈیٹا کی مقدار کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں۔
شائنی ہنٹرزنے تاحال یہ نہیں بتایا کہ اگر ایف بی آئی نے اس کا مطالبہ تسلیم نہ کیا تو وہ مبینہ طور پر حاصل کیے گئے ڈیٹا کے ساتھ کیا کرے گا۔










