برطانیہ میں ہوائی اڈوں کا انتظام سنبھالنے والے معروف ادارے ‘مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ’ کی جانب سے ایک بڑے سائبر حملے کی تصدیق کی گئی ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں مسافروں کی ذاتی معلومات ہیکرز کے ہاتھ لگ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا کا چینی ہیکنگ نیٹ ورک کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ، حساس اداروں کو نشانہ بنانے کا انکشاف
یہ گروپ مانچسٹر، ایسٹ مڈلینڈز اور لندن اسٹینسٹیڈ ایئرپورٹس کی دیکھ بھال اور انتظامی امور سنبھالتا ہے۔
کون سا ڈیٹا چوری ہوا؟
ہیکرز نے مسافروں کے رابطے کی تفصیلات، گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز اور ان کے پوسٹل کوڈز تک رسائی حاصل کی ہے۔ یہ معلومات بنیادی طور پر ایئرپورٹ ٹرمینلز پر مفت وائی فائی کے استعمال کے لیے سائن اپ کرنے والے مسافروں کی تھیں۔
مالیاتی اور ہوابازی کا نظام محفوظ: ادارے کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ مسافروں کی ادائیگیوں کا ڈیٹا اس سسٹم میں محفوظ نہیں تھا اس لیے بینکنگ معلومات محفوظ ہیں۔ مزید برآں، ایئرپورٹ کی ہوابازی کی سیکیورٹی پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
مزید پڑھیے: اوپن اے آئی کے خودکار اے آئی ایجنٹ کی مبینہ ہیکنگ، کمپنی کو ایک ہفتے بعد علم ہوا
گروپ کو اس ہیکنگ کا علم منگل کے روز ہوا جس کے فوراً بعد ہیکرز کی رسائی ختم کر دی گئی اور متاثرہ مسافروں کو آگاہ کرنے کے ساتھ متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دے دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں ٹی وی چینلز ہیک کیوں ہوئے اور انٹرنیٹ ہیکنگ ہوتی کیسے ہے؟
مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ کسٹمرز کی معلومات کی سیکیورٹی کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں اور اس واقعہ سے پیدا ہونے والی تشویش اور زحمت پر معذرت خواہ ہیں۔
مسافروں کے لیے احتیاطی تدابیر
واقعے کے بعد مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک ای میل، فون کالز اور نامعلوم ذرائع سے آنے والے میسجز یا فائلز سے محتاط رہیں تاکہ کسی قسم کے نئے فراڈ سے بچا جا سکے۔














