ایپل نے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے اچانک ری اسٹارٹ ہونے والے مسئلے کو حل کرنے کے لیے آئی او ایس 27.0.1 اپ ڈیٹ جاری کرنے کی تیاری کرلی۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس میں بعض صارفین کو فیس آئی ڈی کے ذریعے فون کھولنے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جس کے بعد بعض صورتوں میں فون منجمد ہوجاتا ہے، ٹچ کام کرنا بند کردیتا ہے اور ڈیوائس خود بخود ری اسٹارٹ ہوجاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نئے اورنج آئی فون گرگٹ کی طرح رنگ کیوں بدل رہے ہیں؟
نئے آئی فون کے صارفین کی جانب سے فیس آئی ڈی کے کام نہ کرنے اور فون کے اچانک ری اسٹارٹ ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ ایپل کی کمیونٹی میں بھی آئی فون 18 پرو میکس کے صارفین نے غیر متوقع ری اسٹارٹ کی رپورٹس شیئر کی ہیں۔
ایپل نے گزشتہ روز ایپل واچ سیریز 12 اور الٹرا 4 میں اسی نوعیت کے اچانک ری اسٹارٹ ہونے والے مسئلے کو حل کرنے کے لیے واچ او ایس 27.0.1 جاری کیا تھا۔ ایپل کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق اس اپ ڈیٹ میں ایپل واچ کے غیرمتوقع طور پر ری اسٹارٹ ہونے والے مسئلے کو حل کیا گیا ہے۔
Apple confirms iOS 27.0.1 will be released next week to fix an iPhone 18 Pro rebooting bug.
User noticed this issue after a failed Face ID attempt, where their phone would become unresponsive prior to restarting. pic.twitter.com/32cCAEFUKM
— AppleTrack (@appltrack) September 24, 2026
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے لیے نئی اپ ڈیٹ کا نمبر آئی او ایس 27.0.1 متوقع ہے، جس سے ری اسٹارٹ اور فیس آئی ڈی سے متعلق مسائل حل ہونے کی امید ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون 18 پرو کی قیمت میں 200 ڈالر تک اضافے کا امکان
آئی فون 18 پرو کے نئے ماڈلز میں فیس آئی ڈی نظام میں تبدیلی کی گئی ہے، جس کے تحت حساس کیمرے کو ڈسپلے کے نیچے گھڑی کے قریب منتقل کیا گیا ہے، جس سے ڈائنامک آئی لینڈ کا نظر آنے والا حصہ 25 فیصد تک چھوٹا ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو کے ابتدائی تجزیے میں کیمرے کو فرنٹ ماڈیول کے دیگر حصوں سے الگ اور 3 مختلف کیبلز کے ذریعے منسلک دکھایا گیا ہے۔
اگر کسی صارف کے آئی فون 18 پرو یا آئی فون 18 پرو میکس میں اسی طرح کا ری اسٹارٹ مسئلہ پیش آرہا ہے تو اسے ایپل سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، کیونکہ مسئلہ ہارڈ ویئر سے متعلق بھی ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فولڈ ایبل آئی فون کی تیاری میں ایپل کا انحصار جنوبی کوریا پر کیوں بڑھ گیا؟
اگر آئی فون منجمد ہوجائے تو ایپل کے مطابق والیوم بڑھانے والے بٹن کو دبا کر فوراً چھوڑیں، پھر والیوم کم کرنے والے بٹن کو دبا کر فوراً چھوڑیں اور اس کے بعد سائیڈ بٹن دبا کر رکھیں۔ ایپل کی جانب سے نئی اپ ڈیٹ جاری ہونے کے بعد صارفین سیٹنگز میں جاکر سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کے ذریعے اسے انسٹال کرسکتے ہیں۔














