آئی فون 18 پرو کی فروخت شروع ہونے کے چند روز بعد فیس آئی ڈی میں خرابی کی شکایات سامنے آگئیں، بعض صارفین کے مطابق فیس آئی ڈی اچانک کام کرنا بند کردیتی ہے، فون منجمد ہوکر دوبارہ شروع ہوجاتا ہے، جبکہ اسکرین پر سبز اور گلابی لکیروں سے متعلق زیادہ تر دعوے مشکوک قرار دیے جارہے ہیں۔
آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس کی فروخت 18 ستمبر سے شروع ہوئی تھی، جس کے ایک ہفتے بعد سوشل میڈیا پر نئی ڈیوائسز کی اسکرین پر سبز اور گلابی لکیریں نمودار ہونے کی ویڈیوز سامنے آئیں۔ تاہم فیس آئی ڈی سے متعلق شکایات نسبتاً زیادہ مستقل نظر آتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون صارفین کیلئے خوشخبری، آئی او ایس 26 کے پوشیدہ فیچرز سامنے آگئے
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں برگنڈی رنگ کے آئی فون 18 پرو کی 2 ویڈیوز شیئر کی گئیں، جن میں ایک فون کی اسکرین پر اوپر سے نیچے تک گلابی لکیر جبکہ دوسری میں اسکرین کے بائیں کنارے پر موٹی سبز لکیر دکھائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سبز لکیر والی ویڈیو کا قریب سے جائزہ لینے پر معلوم ہوتا ہے کہ لکیر وائی فائی کے نشان کے پیچھے سے گزر رہی ہے، جو حقیقی اسکرین خرابی میں نہیں ہوتا۔ صارفین نے یہ نکتہ بھی فوری طور پر اٹھایا۔ یہ لکیر عام ہارڈویئر خرابی کے باعث نمودار ہونے والی سبز لکیروں کے مقابلے میں نمایاں طور پر پتلی بھی ہے۔
اس کے برعکس گلابی لکیر والی ویڈیو میں ایسی بے قاعدگی نظر نہیں آتی اور یہ اصل ویڈیو معلوم ہوتی ہے۔ تاہم فی الحال اس حوالے سے صرف 1 ویڈیو ہی قابلِ اعتبار دکھائی دیتی ہے جبکہ یہ معلومات بھی دستیاب نہیں کہ مذکورہ فون کو لکیر نمودار ہونے سے پہلے کس طرح استعمال کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت میں سائبر سیکیورٹی کی بڑی ناکامی، آئی فون 18 کی لانچ سے قبل ایپل کا حساس ڈیٹا چوری
دوسری جانب آئی فون 18 پرو کے متعدد صارفین نے فیس آئی ڈی میں خرابی کی شکایت کی ہے۔ صارفین کے مطابق فیس آئی ڈی اچانک کام کرنا بند کردیتی ہے، فون منجمد ہوجاتا ہے اور پھر لاک اسکرین کے ساتھ دوبارہ شروع ہوجاتا ہے۔
بعض صارفین نے فیس آئی ڈی ترتیب دینے میں بھی مشکلات کی اطلاع دی ہے، جس کے دوران ‘فیس آئی ڈی دستیاب نہیں’ کا پیغام ظاہر ہوتا ہے، جبکہ ‘توجہ درکار’ فیچر کے درست طور پر کام نہ کرنے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔
فیس آئی ڈی کی خرابی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ایپل نے تصدیق کی ہے کہ وہ اس مسئلے سے آگاہ ہے اور اسے حل کرنے کے لیے سافٹ ویئر اپ ڈیٹ جاری کرے گا۔ 9ٹو5 میک کے مطابق اپ ڈیٹ آئندہ ہفتے کے آغاز میں دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دوران سفر متلی کی شکایت: ازالے کے لیے آئی فون کی ایک خفیہ سیٹنگ استعمال کرکے دیکھیں
آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس میں فیس آئی ڈی کے نظام کو نئے سرے سے ڈیزائن کیا گیا ہے اور انفراریڈ کیمرا اسکرین کے نیچے منتقل کیا گیا ہے۔ اسی تبدیلی کے نتیجے میں ڈائنامک آئی لینڈ کا نمایاں حصہ 25 فیصد چھوٹا ہوگیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئے فونز کی لانچ کے بعد سامنے آنے والی بعض شکایات مبالغہ آمیز بھی ہوسکتی ہیں، تاہم فیس آئی ڈی سے متعلق فون کے منجمد ہونے اور دوبارہ شروع ہونے کا مسئلہ مختلف صارفین کی جانب سے رپورٹ ہونے کے باعث زیادہ مستقل نوعیت کا دکھائی دیتا ہے۔













