49 گیندوں پر سنچری، محمد شہزاد نے مصباح الحق کا ریکارڈ توڑ کر نیا پاکستانی ریکارڈ قائم کردیا

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ٹیلی ویژن کے محمد شہزاد نے آل بطال پریزینٹس اے بی ایس ڈیولپرز پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے روز شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 گیندوں پر سنچری مکمل کرلی۔

ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگز مین اکیڈمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پی ٹی وی نے خراب روشنی کے باعث کھیل جلد ختم ہونے تک 58 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز بنائے۔ محمد شہزاد نے 62 گیندوں پر 114 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

محمد شہزاد 34 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کریز پر آئے اور محمد طحہٰ کے ساتھ 143 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ محمد طحہٰ نے 43 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ضیا الحق نے 32ویں اوور میں محمد شہزاد کو آؤٹ کیا۔ نمبر 6 کے بلے باز شارون سراج نے 53 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

کنگز مین اکیڈمی کی جانب سے محمد الیاس نے 3 اور شعیب آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی پڑھیں:ابرار احمد افغان کرکٹر کو پیچھے چھوڑ کر ٹی20 کے نمبر ون بولر بن گئے

پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں مارخور آئی ٹی سلوشنز نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے خلاف 79 اوورز میں 3 وکٹوں پر 258 رنز بنائے۔ عتیق الرحمان 136 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ یہ ان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں تیسری سنچری ہے۔ انہوں نے 17 چوکے لگائے اور سید عواد نقوی کے ساتھ 218 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی، عواد نقوی 65 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد کے نیشنل گراؤنڈ میں غنی نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے خلاف 72 اوورز میں 6 وکٹوں پر 263 رنز بنائے۔ مرزا طاہر بیگ نے 67، علی رضا ق نے ناقابل شکست 62 اور شرجیل خان نے 56 رنز بنائے۔

ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں خان ریسرچ لیبارٹریز نے آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے خلاف پہلے روز 60 اوورز میں 5 وکٹوں پر 202 رنز بنائے۔ سرفراز بھٹی 48 رنز پر ناقابل شکست ہیں۔

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی او جی ڈی سی ایل کی جانب سے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کی۔ وہ پہلے روز 60 اوورز تک فیلڈنگ میں موجود رہے۔ کے آر ایل کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی انجری سے صحت یاب ہونے کے باعث شریک نہیں ہوئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp