100 روزہ اصلاحاتی پلان پر اہم اجلاس: عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت 100 روزہ اصلاحاتی پلان پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے نو منتخب صدر ڈاکٹر نجیب نقی کون ہیں؟

اجلاس میں اسپیکر چوہدری طارق فاروق، شاہ غلام قادر، وزرا اور پارلیمانی پارٹی کے ارکان سمیت مسلم لیگ ن کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ شرکا کو 100 روزہ پلان پر مفصل بریفنگ دی گئی۔

اس موقعے پر وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی فاسٹ ٹریک ترقی کے لیے اہم منصوبے سو روزہ پلان میں شامل ہیں اور اس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کا اجلاس

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کا الگ اجلاس بھی منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری عدنان خورشید، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ محمد نعیم بسمل، چیف انجینیئر شاہرات سمیت محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ نے وزیراعظم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام اور محکمہ کے زیر تکمیل مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

مزید پڑھیے: 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے، وزیراعظم آزاد کشمیر کی بیوروکریسی کو ہدایت

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی ترجیحات عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کی جائیں اور شاہرات کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جن شہروں میں گرین الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی وہاں ان بسوں کے مقررہ ٹریکس کو بہتر بنایا جائے۔

انہوں نے مظفرآباد شہر میں امبور سے چہلہ تک سڑک کی بہتری، گوجرہ بائی پاس سے شوکت لائن تک سڑک کو بہتر اور کشادہ کرنے کا کام جلد شروع کرنے جبکہ اپر اڈہ سے عیدگاہ تک سڑک کی بہتری کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونے والے سرکاری فنڈز کا اثر نظر آنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ’آج اقتدار نہیں بلکہ ذمہ داری منتقل ہونے جارہی ہے‘، فیصل ممتاز راٹھور کا بطور وزیراعظم آزاد کشمیر آخری خطاب

انہوں نے سی ایم ایچ فلائی اوور کی تعمیر مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ کو منصوبے کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp