وزیراعظم شہبازشریف نے صومالیہ میں قتل ہونے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے بچوں کی مفت تعلیم اور رہائش کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صومالیہ میں مغوی جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی شامل، دفتر خارجہ کی تصدیق
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف عمر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صومالیہ میں قتل ہونے والے تینوں پاکستانیوں کے اہلخانہ کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ جاں بحق افراد کے بچوں کی مفت تعلیم اور رہائش کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: صومالیہ کے قریب ہائی جیک ہونیوالے جہاز سے 4 پاکستانی بحفاظت بازیاب، کل کراچی پہنچیں گے
وزیراعظم نے وزارت خارجہ سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کاشف عمر اور دیگر 2 جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ سے براہ راست رابطہ کریں اور ان کی ضروریات کے حوالے سے اقدامات کریں۔














