عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوتے ہی عوام کو ریلیف دیں گے، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک

اتوار 4 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ تیل کے بحران کا سامنا غیر مشروط امداد کے ذریعے نہیں کیا جاسکتا، کیونکہ اس بحران کا حجم ہزاروں ارب روپے تک پہنچتا ہے۔

اپنے حلقے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وسائل جمع کیے بغیر اخراجات کرنے کا نتیجہ ماضی جیسا ہی نکلے گا۔ 2022 میں پاکستان دیوالیہ پن کے قریب پہنچ گیا تھا اور ملک کو مہنگائی کے سونامی کا سامنا کرنا پڑا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی آتے ہی اس کا فائدہ پاکستان میں بھی صارفین کو منتقل کیا جائے گا اور قیمتوں میں فوری کمی کی جائے گی۔

علی پرویز ملک نے کہاکہ خطے کو اس وقت ایک بہت بڑی آزمائش کا سامنا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیاسی قائدین کو عسکری قیادت کے پیچھے لبیک کہنا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے اپیل کی کہ وہ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ پاکستان کو ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھنے کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر، جنوری اور فروری میں درپیش چیلنجز سے متعلق وزیراعظم کو ایک نشست میں آگاہ کردیا ہے۔ جو فیصلہ عوام اور ملک کے حق میں ہوگا، وہی کیا جائے گا۔

ان کے مطابق سردیوں سے پہلے کیے جانے والے ضروری اقدامات بھی وزیراعظم کے سامنے رکھ دیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہاکہ گیس بحران کے طوفان کا مقابلہ بروقت ایل پی جی منگوا کر کیا جائے گا۔

ایل پی جی کی قیمت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے ایل پی جی کی قیمتیں اوگرا طے کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp