بالی ووڈ فلم ’دریشیم 3‘ دیکھ کر بیٹے نے باپ کو قتل کردیا

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست بہار میں 26 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر اپنے والد کے قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ جرم کی منصوبہ بندی حال ہی میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ فلم ’دریشیم 3‘ دیکھنے کے بعد کی۔

پولیس کے مطابق شِو شنکر اپنی اہلیہ کے ساتھ ریاست گجرات کے شہر سورت میں رہائش پذیر اور ملازمت کرتا تھا۔ مبینہ طور پر والد کے ساتھ خاندانی زمین کے تنازع پر اس کے تعلقات کشیدہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک ویڈیو کا تنازع، صوابی میں بھائی کے ہاتھوں بہن اور بھانجی قتل

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ شِو شنکر نے سورت کے ایک سنیما میں ’دریشیم 3‘ دیکھی جس کے بعد وہ والد کے قتل کی منصوبہ بندی کرکے تقریباً 2 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرتے ہوئے اپنے آبائی گاؤں پہنچا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے سفر شروع کرنے سے قبل موبائل فون بند کردیا تاکہ اس کی نقل و حرکت کا سراغ نہ لگایا جاسکے۔ وہ پٹنہ اور حاجی پور کے راستے پٹوری پہنچا جہاں سے مبینہ طور پر رکشہ لیا اور پھر تقریباً 4 کلومیٹر پیدل چل کر گاؤں پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: ہنی ٹریپ: 27 سال قبل افغانستان میں والد کے قتل کا بدلہ خاتون ڈاکٹر نے پشاور میں کیسے لیا؟

تفتیش کے مطابق شِو شنکر گھر کے پچھلے دروازے سے اندر داخل ہوا اور مبینہ طور پر سوئے ہوئے والد پر کلہاڑی سے حملہ کرکے انہیں قتل کردیا جس کے بعد وہ موقع سے فرار ہوگیا۔

تاہم پولیس کے مطابق ملزم کا منصوبہ اس وقت ناکام ہونا شروع ہوگیا جب اس نے پٹوری ریلوے اسٹیشن پر اپنا موبائل فون دوبارہ آن کیا اور اہلیہ کو فون کردیا۔ اگرچہ اس نے کچھ دیر بعد فون دوبارہ بند کردیا تاہم اس مختصر فون سرگرمی نے تفتیش کاروں کو اہم سراغ فراہم کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوب رپورٹر مبینہ طور پر بیوی کے ہاتھوں قتل

پولیس نے تکنیکی نگرانی اور کال ریکارڈز کی مدد سے ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور اسے سورت سے گرفتار کرلیا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ دورانِ تفتیش شِو شنکر نے والد کے قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا اور بتایا کہ فلم دیکھنے کے بعد اس نے جرم کو انجام دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔

پولیس نے ملزم کی نقل و حرکت اور فون ریکارڈز سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp