خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے گدون لارن میں ٹک ٹاک ویڈیو کے اعتراض پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کی کمسن بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔
یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر سگی بہن کو قتل کرنے والا ملزم گرفتار
پولیس کے مطابق مبینہ طور پر ملزم نے گھر میں داخل ہو کر اپنی بہن اور بھانجی پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو اپنے بھانجے کی جانب سے بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو پر اعتراض تھا، تاہم ویڈیو کے مواد اور اعتراض کی نوعیت سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش شروع کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرگودھا میں غیرت کے نام پر ماں اور 5 بچوں کا قتل، 2 افراد گرفتار
دونوں لاشوں کو قانونی اور طبی کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔














