ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) سیزن 3 میں پاکستان چیمپئنز اور بھارت چیمپئنز کے درمیان ہونے والا متوقع مقابلہ منسوخ ہوگیا، پاکستان چیمپئنز نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی تصدیق کردی۔
پاکستان اور بھارت کے لیجنڈز کے درمیان میچ 10 اکتوبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کی جانب سے WCL میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (NOCs) جاری نہ کیے جانے کے مبینہ فیصلے کے باعث پاکستان چیمپئنز نے ایونٹ میں مزید شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عثمان طارق کے بولنگ ایکشن پر تنازع ختم؟ بھارتی امپائر نے پاک بھارت میچ سے پہلے کلیئر قرار دے دیا
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان چیمپئنز نے 5 اکتوبر کو ٹورنامنٹ سے دستبرداری کی تصدیق کی۔ اس سے قبل ٹیم کا 3 اکتوبر کو بنگلہ دیش چیمپئنز کے خلاف افتتاحی میچ بھی ملتوی کردیا گیا تھا جس کی ابتدائی وجہ ’تکنیکی مسائل‘ بتائی گئی تاہم بعد ازاں رپورٹس میں اسے پی سی بی کی جانب سے این او سی جاری نہ کرنے سے جوڑا گیا۔
پاکستان چیمپئنز کے کپتان قرار دیے گئے شاہد آفریدی کی بھی ٹیم کے افتتاحی میچ کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں موجودگی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سامنے آئی تھی۔ شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر ٹورنامنٹ کی تشہیر کی تھی تاہم اب وہ بھی ایونٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت میچ سے قبل بابر اعظم کا جونیئر کھلاڑیوں کو اہم مشورہ
پاکستان چیمپئنز کا 5 اکتوبر کو آسٹریلیا چیمپئنز کے خلاف شیڈول میچ بھی ٹیم کی شرکت سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث متاثر ہوا۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان چیمپئنز کے مالک کامل خان نے معاملہ حل کرنے کے لیے پی سی بی حکام سے بات چیت کی، تاہم بورڈ اپنے مؤقف پر قائم رہا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی پی ایل میں فکسنگ کا اسکینڈل منظر عام پر، 3 کروڑ کے عوض 5 میچ فکس کرنے کا اعتراف
پاکستان چیمپئنز گزشتہ دونوں WCL ایڈیشنز میں رنر اپ رہی تھی، تاہم سیزن 3 میں ٹیم کی مہم میدان میں اترے بغیر ہی ختم ہوگئی۔ دوسری جانب بھارت چیمپئنز نے ٹورنامنٹ کا آغاز آسٹریلیا چیمپئنز کے خلاف کامیابی سے کیا تھا۔
پاکستان اور بھارت کے لیجنڈز کے درمیان یہ متوقع مقابلہ منسوخ ہونے سے شائقین ایک مرتبہ پھر دونوں روایتی حریفوں کے سابق اسٹارز کو ایکشن میں دیکھنے سے محروم ہوگئے۔














