پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات بڑھے، عالمی ڈیجیٹل آپریٹر کا منصوبہ ڈیڑھ ارب ڈالر ہوگیا، وزیر خزانہ

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں معاشی استحکام کے ساتھ سرمایہ کاری کے امکانات بہتر ہو رہے ہیں، حکومت اقتصادی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور برآمدات میں اضافے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کام کرنا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کراچی میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) پاکستان کے زیر اہتمام ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر 2026: پاکستان کے پائیدار مستقبل میں سرمایہ کاری سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی ڈیجیٹل آپریٹر VEON نے آئندہ 3 سال کے دوران پاکستان میں اپنی متوقع سرمایہ کاری ایک ارب ڈالر سے بڑھا کر ڈیڑھ ارب ڈالر کردی ہے۔ محمد اورنگزیب نے اسے نمایاں اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کا عکاس ہے۔

مزید پڑھیں:وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی بوئنگ گلوبل کے صدر سے ملاقات، پی آئی اے بیڑے کی جدیدکاری پر گفتگو

محمد اورنگزیب کے مطابق VEON نے رواں سال کے آغاز میں پاکستان میں رابطوں کے نظام کو وسعت دینے، انفرااسٹرکچر کو جدید بنانے اور ڈیجیٹل جدت کے فروغ کے لیے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ پیش کیا تھا، جس میں اب مزید 50 کروڑ ڈالر کا اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے نجکاری پروگرام میں بھی غیرملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 3 ترک کمپنیوں نے نجکاری کے لیے پیش کی جانے والی پہلی بجلی کی تقسیم کار کمپنی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق مقامی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے معاشی امکانات کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حوالے سے وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران 11 آئی پی اوز مکمل ہوئے جبکہ گزشتہ سہ ماہی میں مزید 5 آئی پی اوز ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ معروف پاکستانی برانڈ کھاڈی کا آئی پی او بھی متوقع ہے جبکہ آئندہ چند برسوں کے دوران قریباً 22 ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (ریٹس) کی لسٹنگ متوقع ہے۔ ان کے مطابق اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے ایکویٹی حاصل کرنے والی کمپنیاں عموماً سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں میں توسیع یا نئے یونٹس کے قیام کے لیے وسائل حاصل کرتی ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے بنیادی ضرورت ہے، حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے اثرات مہنگائی میں کمی سمیت مختلف معاشی اشاریوں میں نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کی زیادہ شرکت غیرملکی سرمایہ کاری کو بھی راغب کرنے میں مدد دے گی۔

مزید پڑھیں:وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی یورپی یونین کے سفیر سے ملاقات، ملکی معیشت اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال

انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کو کلائمیٹ لاس اینڈ ڈیمیج فنڈز کے ذریعے خاطر خواہ معاونت نہیں مل رہی، اس لیے عالمی موسمیاتی فنانسنگ تک زیادہ رسائی درکار ہے۔ وزیر خزانہ نے موسمیاتی منصوبوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنے اور ادارہ جاتی صلاحیت بہتر بنانے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔

یو این ڈی پی پاکستان کے مطابق 6 اور 7 اکتوبر کو کراچی میں ہونے والے نیشنل ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر میں وفاقی و صوبائی حکومتیں سرمایہ کاروں، بینکوں اور ترقیاتی مالیاتی اداروں کے سامنے 35 پائیدار ترقی سے ہم آہنگ سرکاری و نجی شراکت داری کے منصوبے پیش کر رہی ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 26 ارب ڈالر ہے۔ منصوبوں میں ٹرانسپورٹ، توانائی، پانی، زراعت، صنعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp