پاکستان کے سابق انڈر 19 کپتان حسن خان کی کرکٹ میں شاندار واپسی، امریکی ٹیم میں شامل

بدھ 7 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے سابق انڈر 19 کپتان اور آل راؤنڈر حسن خان کو متحدہ عرب امارات اور نمیبیا کے خلاف جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 ٹرائی سیریز کے لیے پہلی بار امریکی قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

امریکی کرکٹ بورڈ نے دنیا بھر کی ٹی 20 فرینچائزز میں دھوم مچانے والے آل راؤنڈر ’حسن خان‘ کو قومی ٹیم میں شامل کر لیا ہے، جس سے انہیں پیدائشی ملک میں موقع نہ ملنے کے تقریباً ایک دہائی بعد اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کا موقع ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کرکٹ بورڈ کا تاریخی قدم، انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان

حسن خان کو فاسٹ بولر ’علی خان‘ کی جگہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جو ہیمسٹرنگ کی انجری کے باعث موجودہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

کیریئر کا نیا موڑ اور ماضی کا کھیل

بائیں ہاتھ سے اسپن بولنگ اور جارحانہ بیٹنگ کرنے والے آل راؤنڈر ’حسن خان‘ 16 اکتوبر کو 28 سال کے ہو جائیں گے۔ انہوں نے 2018 کے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی قیادت کی تھی، جس میں موجودہ قومی ستارے ’شاہین شاہ آفریدی‘ اور ’موسیٰ خان‘ بھی شامل تھے۔

جہاں ان کے کئی ہم عصر کھلاڑی پاکستان کی سینیئر ٹیم میں جگہ بنانے اور خود کو مستحکم کرنے میں کامیاب رہے، وہیں حسن خان کو 8 سال بعد امریکا کی جرسی میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا ہے۔

پاکستان سوپر لیگ سے میجر لیگ کرکٹ تک کا سفر

کسی زمانے میں پاکستان کے سب سے بہترین ابھرتے ہوئے آل راؤنڈرز میں شمار ہونے والے حسن خان کے لیے پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میں محدود مواقع کے بعد مشکلات بڑھنے لگیں۔ مسلسل پی ایس ایل ڈرافٹ میں منتخب نہ ہونے پر انہوں نے کیریئر کے نئے آغاز کے لیے امریکہ کا رخ کیا۔

انہوں نے 2024 کے میجر لیگ کرکٹ (ایم ایل سی) سیزن میں ’سین فرانسسکو یونیکارنز‘ کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کارکردگی دکھائی۔ 9 میچوں میں انہوں نے 40.80 کی اوسط اور 143.66 کے اسٹرائیک ریٹ سے 204 رنز بنائے اور 17.36 کی اوسط سے 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

مزید پڑھیں:پاکستان انڈر 19 کی انگلینڈ کیخلاف 200 رنز سے تاریخی فتح، 350 رنز کا پہاڑ، میزبان ٹیم 150 پر ڈھیر

وہ ٹورنامنٹ کے واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے 200 سے زیادہ رنز اور 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں لیں، جس پر انہیں ’ایم ایل سی ڈومیسٹک پلیئر آف دی ایئر‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

دھواں دار بیٹنگ اور عالمی فرینچائز لیگز میں طلب

حسن خان کی نچلے نمبروں پر آ کر کریز سنبھالنے اور پہلی ہی گیند سے حملہ کرنے کی صلاحیت ان کی سب سے بڑی طاقت بن گئی۔

وہ ایک نڈر اور بہترین شاٹ میکر کے طور پر سامنے آئے جو چند ہی گیندوں میں ٹی 20 میچ کا پاسا پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

2025 کے ایم ایل سی سیزن میں انہوں نے اور بھی زیادہ دھواں دار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یونیکارنز کے لیے 11 اننگز میں 17 چھکوں کی مدد سے 187.50 کے اسٹرائیک ریٹ سے 225 رنز بنائے۔

ایم ایل سی کے 2 سیزنز میں حسن خان نے صرف 262 گیندوں پر 429 رنز بنائے، جن میں 30 چھکے اور 31 چوکے شامل تھے، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 143.66 سے بڑھ کر 187.50 تک پہنچ گیا۔

ان کی اس کارکردگی نے دنیا بھر کی ٹی 20 لیگز کے دروازے ان کے لیے کھول دیے، جس کے بعد انہوں نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل)، آئی ایل ٹی 20 اور کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں بھی حصہ لیا۔

پی ایس ایل 2026 میں واپسی اور عالمی کپ کوالیفائرز

عالمی فرینچائزز میں نام کمانے کے بعد حسن خان کی پاکستان آمد بھی ہوئی، جہاں وہ کئی سیزنز باہر رہنے کے بعد 2026 کے پی ایس ایل میں ’حیدرآباد کنگزمین‘ کی طرف سے میدان میں اترے۔

مزید پڑھیں:کرکٹ میں انگلینڈ سے اچھی خبر بھی: عبدالقادر کی شاندار سینچری، پاکستان انڈر 19 نے میزبان ٹیم کیخلاف ون ڈے122 رنز سے جیت لیا

اب امریکی قومی ٹیم میں ان کی شمولیت ان کے کیریئر کا نیا اور سنہری باب ہے۔ امریکی ٹیم کو امید ہے کہ حسن خان فوری طور پر ٹیم کے لیے مؤثر ثابت ہوں گے اور فروری میں ہونے والے اہم ترین ورلڈ کپ کوالیفائرز سے قبل ٹیم میں اپنے آپ کو ایک اہم آل راؤنڈر کے طور پر مستحکم کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp