بھارتی ریاست آسام کے ضلع بارپیٹا کے علاقے حویلی میں قومی شاہراہ 27 پر ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس آگے جانے والے ٹرک کے عقبی حصے سے جا ٹکرائی۔
اطلاعات کے مطابق بس میں سوار بی ایس ایف کے اہلکار انتخابات کی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد دھوبری کی طرف جا رہے تھے کہ حویلی کے قریب یہ حادثہ پیش آیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بس میں سوار 32 سیکیورٹی اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کی شناخت 42 سالہ شمس الحق کے نام سے ہوئی ہے، جو ضلع گوالپارہ کے علاقے شملیتولا (گارویماری) کا رہائشی تھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی حویلی پولیس فورس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس نے تمام زخمیوں کو فوری طور پر بارپیٹا میڈیکل کالج اینڈ اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق شدید زخمی ہونے والے 14 اہلکاروں کی حالت انتہائی نازک ہے۔ پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔














