گدے اٹھائے تو کھٹملوں کا سیلاب اُمڈ آیا، 38 سالہ تجربہ کار ماہر بھی دنگ

جمعہ 9 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی شہر کارڈف کے علاقے کینٹن میں کھٹملوں کی غیر معمولی یلغار سامنے آئی ہے، جہاں لاکھوں کی تعداد میں کھٹمل گدوں، بستروں اور دیواروں سے نکلنے لگے۔

کیڑے مکوڑوں کے خاتمے کے ماہر نے اسے اپنے 38 سالہ تجربے کا بدترین واقعہ قرار دیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ماہرِ انسدادِ حشرات گیرتھ ڈیوس اور ان کی ٹیم نے خصوصی حفاظتی لباس پہن کر متاثرہ گھر میں کارروائی کی۔ کھٹمل گدوں کے علاوہ دیواروں اور وال پیپر کے نیچے بھی موجود تھے۔ صورت حال کی شدت کے باعث متاثرہ گدوں اور بستروں کے فریم تلف کرنے کے لیے بھجوانا پڑے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی سے لاہور جانے والی گرین لائن میں کھٹملوں کی بھرمار، ویڈیوز وائرل

ماہر کے مطابق ٹیم نے پہلے خصوصی ویکیوم مشینوں سے زیادہ سے زیادہ کھٹمل نکالے، جس کے بعد کیڑے مار دوا استعمال کی گئی۔ متاثرہ سامان کو تھیلوں میں بند کرکے تلف کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کھٹمل عموماً کپڑوں، سفری بیگوں اور استعمال شدہ فرنیچر کے ذریعے گھروں میں داخل ہوتے ہیں اور گدوں، بستروں اور دیواروں کی دراڑوں میں چھپ جاتے ہیں۔ ان کے کاٹنے سے جلد پر خارش والے نشانات پڑ سکتے ہیں، جبکہ بستر کی چادروں پر خون یا بھورے دھبے بھی ان کی موجودگی کی علامت ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق کھٹمل صاف اور گندے، دونوں طرح کے گھروں میں پائے جاسکتے ہیں، اس لیے ان کی موجودگی کو لازماً صفائی کی کمی سے جوڑنا درست نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp