تھائی لینڈ کی ملکہ نے لڑاکا طیارہ اڑا کر اپنی فضائی مہارت کا لوہا منوا لیا

جمعہ 9 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھائی لینڈ کی ملکہ سوتھیدا نے سویڈن میں تیار کردہ جدید گریپن لڑاکا طیارہ پہلی بار تنہا اڑا کر اپنے فضائی سفر میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

یہ پرواز جمعرات، 8 اکتوبر کو جنوبی تھائی لینڈ کے صوبے سورات تھانی میں واقع وِنگ 7 ایئر بیس پر کی گئی۔

بینکاک پوسٹ کے مطابق ملکہ سوتھیدا نے ایک نشست والے جے اے ایس 39 سی گریپن لڑاکا طیارے میں پرواز کی۔

یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ اور سنگاپور کے وزرائے اعظم کی میوزیکل ڈپلومیسی، ویڈیو وائرل

اڑان سے قبل انہیں پرواز کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہوں نے طیارے کا معائنہ بھی کیا۔

تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے ملکہ کی پہلی تنہا پرواز کا مشاہدہ کیا۔

پرواز مکمل ہونے کے بعد بادشاہ نے ملکہ کو گلدستہ اور گریپن آرڈر گولڈن پیچ پیش کیا، یہ اعزازی نشان سویڈش ساختہ گریپن لڑاکا طیارہ اڑانے سے وابستہ ہے۔

ملکہ سوتھیدا کو طیارے اڑانے کا خاصا تجربہ حاصل ہے، وہ مختلف اقسام کے طیاروں میں مجموعی طور پر ایک ہزار 188.48 گھنٹے پرواز کر چکی ہیں۔

تھائی ملکہ کے تجربے میں سیسنا، پائلیٹس اور پائپر طیاروں کے علاوہ بوئنگ 737 مسافر طیارے بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: تھائی لینڈ کا ساحل اچانک سبز کیوں ہورہا ہے؟

انہوں نے پہلی مرتبہ 13 مئی 2010 کو بطور پائلٹ پرواز کی تھی، جب انہوں نے بینکاک کے وِنگ 6 ایئر بیس سے سیسنا ٹی 41 ڈی طیارہ اڑایا تھا۔

اس کے بعد وہ 2 نشستوں والے گریپن جے اے ایس 39 ڈی طیارے میں بھی پرواز کر چکی ہیں، تاہم اب انہوں نے پہلی مرتبہ اسی طیارے کے ایک نشست والے ورژن میں تنہا پرواز کی ہے۔

ملکہ سوتھیدا شاہی فرائض کی انجام دہی کے دوران اندرون اور بیرون ملک پروازوں میں بادشاہ کے ساتھ معاون پائلٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: تھائی لینڈ میں سیلاب سے تباہی، بنکاک میں ہزاروں افراد پناہ گاہوں میں منتقل

گزشتہ سال اپریل میں بھوٹان کے دورے کے دوران شاہی جوڑے نے مشترکہ طور پر شاہی طیارہ بھی اڑایا تھا اور پارو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی تھی، جو اپنے دشوار گزار فضائی راستے اور لینڈنگ کے پیچیدہ طریقہ کار کے باعث معروف ہے۔

گریپن لڑاکا طیارے میں پہلی تنہا پرواز ملکہ سوتھیدا کے طویل فضائی تجربے میں ایک اور اہم کامیابی ہے، جو فوجی اور سویلین دونوں اقسام کے طیارے اڑانے میں ان کی مہارت کو اجاگر کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp