بھارت میں پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا انفلوئنسر اور میک اپ آرٹسٹ میڈ ساندھو کے قتل کے مبینہ مرکزی ملزم کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیا۔ ملزم ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں روپوش تھا جہاں وہ اپنے بھائی سے رقم حاصل کرنے کی کوشش کے دوران پولیس کے جال میں پھنس گیا۔
بھارتی پولیس کے مطابق ملزم پرمیندر سنگھ عرف کاکا نے رقم کی ضرورت پڑنے پر اپنے بھائی امن دیپ سنگھ سے رابطہ کیا تاہم اسے معلوم نہیں تھا کہ اس کا بھائی پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ فلم ’دریشیم 3‘ دیکھ کر بیٹے نے باپ کو قتل کردیا
تفتیش کاروں نے امن دیپ کے فون سے ملزم کو ادائیگی کے لیے ایک کیو آر کوڈ بھیجا۔ ملزم کے کوڈ اسکین کرنے پر پولیس کو اس کی موجودگی کا سراغ لگانے میں مدد ملی جس کے بعد گجرات پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔
امرتسر کے پولیس کمشنر ہرمن بیر سنگھ گل کے مطابق تفتیش کے دوران بیرونِ ملک موجود مبینہ سرپرستوں کی جانب سے بھیجی گئی 16 ہزار بھارتی روپے کی رقم کا سراغ لگایا گیا جو ملزم کے بھائی کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس رقم میں سے 11 ہزار روپے پرمیندر کو دیے گئے جبکہ باقی 5 ہزار روپے مبینہ طور پر اسلحے اور دیگر انتظامات کے لیے استعمال کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف یوٹیوب رپورٹر مبینہ طور پر بیوی کے ہاتھوں قتل
پولیس کے مطابق میڈ ساندھو کو 3 اکتوبر کو امرتسر کی لوہارکا روڈ پر واقع ایک کار واش سینٹر کے باہر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے انہیں قریب سے گولیاں ماریں۔ مقتول کا اصل نام مدھوسودن سنگھ تھا اور وہ سوشل میڈیا پر میک اپ ٹیوٹوریلز اور فیشن سے متعلق مواد کے باعث معروف تھے۔
قتل کے بعد بیرونِ ملک مقیم گینگسٹر گولڈی ڈھلوں سے منسوب ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں واردات کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ بھی سامنے آیا تھا۔ تاہم پولیس اس دعوے کی تحقیقات کر رہی ہے اور قتل کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس کیس میں اب تک چھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرے مبینہ شوٹر کی شناخت کر لی گئی ہے تاہم وہ تاحال قانون کی گرفت سے باہر ہے۔














