آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے دنیا بھر سے غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے، جہاں ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع ہونے کے صرف 12 روز میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو بتایا کہ ٹکٹوں کے لیے مجموعی طور پر 15,083,752 درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 142 ممالک کے شائقین کی جانب سے قرعہ اندازی کے لیے 4,423,417 رجسٹریشنز کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کے مکمل شیڈول کا اعلان، پاکستان، بھارت گروپ میچ 10 اکتوبر کو ہوگا
آئی سی سی کے مطابق، ٹکٹوں کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، گزشتہ ہفتے تک درخواستوں کی تعداد 10 لاکھ تھی، جو 2 ہفتوں سے بھی کم عرصے میں بڑھ کر ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
کرکٹ ورلڈ کپ کا 14واں ایڈیشن جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔ نئے فارمیٹ کے تحت منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ آئی سی سی کی تاریخ کے بڑے اور وسیع پیمانے پر منعقد کیے جانے والے ایونٹس میں شامل ہوگا۔
𝟏𝟓 𝐦𝐢𝐥𝐥𝐢𝐨𝐧 𝐚𝐩𝐩𝐥𝐢𝐜𝐚𝐭𝐢𝐨𝐧𝐬 𝐫𝐞𝐜𝐞𝐢𝐯𝐞𝐝 🤩🎫
Ticket demand for #CWC27 keeps soaring in the ballot 📈
More details ➡️ https://t.co/G25YeDYMNc pic.twitter.com/YaQ0NOvEWC
— ICC Cricket World Cup (@cricketworldcup) October 13, 2026
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سنجوگ گپتا نے ٹکٹوں کی غیر معمولی طلب کو کرکٹ ورلڈ کپ کی عالمی مقبولیت، افریقہ کی میزبانی کی کشش اور ایونٹ کے آغاز سے قبل آئی سی سی اور اس کے شراکت داروں کی تشہیری سرگرمیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں ابھی ایک سال باقی ہے، تاہم آئی سی سی نے اس دوران شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے مختلف سرگرمیوں، متعدد ڈیجیٹل و روایتی پلیٹ فارمز پر تشہیری مہمات اور خصوصی مواد کی تیاری کا منصوبہ بنایا ہے۔
مزید پڑھیں: آئی سی سی کا بڑا فیصلہ، کرکٹ ورلڈ کپ اور ٹی20 کا روایتی فارمیٹ تبدیل
ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کے لیے رجسٹریشن کا عمل 21 نومبر 2026 تک جاری رہے گا، یہ تاریخ ورلڈ کپ کے فائنل سے ٹھیک ایک سال قبل مقرر کی گئی ہے، جبکہ فائنل جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کا انعقاد 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا۔














