امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی پریس سیکریٹری کیٹی زکریا آج 13 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس میں اپنی پہلی باضابطہ پریس بریفنگ دیں گی۔ وہ ایسے وقت میں یہ ذمہ داری سنبھال رہی ہیں جب ٹرمپ انتظامیہ کو سیاسی دباؤ، آئندہ وسط مدتی انتخابات اور صحافیوں کے ساتھ اختلافات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وائٹ ہاؤس کی تاریخ کی کم عمر ترین ترجمان کیرولین لیویٹ کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان، وجہ کیا بتائی؟
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا تھا کہ کیٹی زکریا پیر سے کام شروع کریں گی، جبکہ ان کی پہلی تعارفی پریس بریفنگ منگل کی صبح 9 بج کر 30 منٹ پر ہوگی۔
امریکی نشریاتی ادارے این پی آر کے مطابق ٹرمپ کی مقبولیت میں نمایاں کمی، وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن جماعت کو ممکنہ نقصان سے بچانے کی کوششیں اور انتظامیہ کے صحافیوں کے ساتھ اختلافات نئے پریس سیکریٹری کے لیے اہم چیلنجز ہوں گے۔
کیٹی زکریا کون ہیں؟
41 سالہ کیٹی زکریا وکیل اور 4 بچوں کی والدہ ہیں۔ این پی آر کے مطابق انہوں نے پیپرڈائن یونیورسٹی کے کاروسو اسکول آف لا سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے 2007 میں یونیورسٹی سے گریجویشن اور 2011 میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔
کیٹی زکریا مختلف قدامت پسند تنظیموں کے ساتھ کام کرچکی ہیں اور اسقاطِ حمل کی مخالفت کرنے والی ایک تنظیم کے مشاورتی بورڈ کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیرولین لیویٹ کا وائٹ ہاؤس میں آخری دن بچوں کے نام، بریفنگ روم میں جذباتی لمحات
وہ اس سے قبل امریکی محکمہ داخلی سلامتی میں عوامی امور کی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری اور ترجمان کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
حال ہی میں وہ ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ کی سینیئر مواصلاتی مشیر تھیں، جو صدر ٹرمپ کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل کو چلاتا ہے۔
این پی آر کے مطابق کیٹی زکریا فاکس نیوز اور نیوزمیکس پر صدر ٹرمپ کی حمایت میں بطور سیاسی تبصرہ نگار بھی متعدد مرتبہ شرکت کرچکی ہیں۔














