راولپنڈی : تربیتی طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 2 افسران کی نماز جنازہ ادا

منگل 13 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب تربیتی طیارہ حادثے میں شہید ہونے والے میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی نماز جنازہ راولپنڈی کی چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ شہید، وزیراعظم کا اظہار افسوس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افسران 12 اکتوبر 2026 کو کوئٹہ کے قریب نواں کلی میں مشاق تربیتی طیارے کے افسوس ناک حادثے میں شہید ہوئے تھے۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہدا کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: مردان کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے دونوں بہادر افسران کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہدا کی جرأت، فرض شناسی اور مادر وطن سے غیر متزلزل وابستگی قوم کے لیے ہمیشہ باعث فخر رہے گی۔

دونوں شہدا کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp