کوئٹہ میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ شہید، وزیراعظم کا اظہار افسوس

پیر 12 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور زیرِ تربیت پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید ہوگئے۔

مزید پڑھیں:بھارتی تربیتی طیارہ حادثے کا شکار، انسٹرکٹر اور زیرِ تربیت پائلٹ ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثہ 12 اکتوبر 2026 کو دوپہر کے وقت پیش آیا۔ طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔

وزیراعظم کا کوئٹہ طیارہ حادثے میں 2 پائلٹس کی شہادت پر اظہارِ افسوس

وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور کیپٹن عبدالصمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق شہباز شریف نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔

مزید پڑھیں:’ہمیں لگا اب زندہ نہیں بچیں گے‘، کاک پٹ میں پائلٹ لڑ پڑے، امارات سے اسرائیل جانے والی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت قوم کا فخر ہیں۔ پوری قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp