قومی اسمبلی کا اجلاس آج بدھ 14 اکتوبر کو صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوگا، جس کے لیے 8 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ ایجنڈے میں خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق اعلامیے کی منظوری، عوامی مسائل اور صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر تحریک تشکر شامل ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری آئین کے آرٹیکل 232 کی شق ایک کے تحت صدر مملکت کی جانب سے 11 اکتوبر 2026 کو خیبر پختونخوا میں نافذ کی گئی ایمرجنسی کا اعلامیہ ایوان میں پیش کریں گے۔ اس اعلامیے کی منظوری کے لیے قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی آسیہ ناز تنولی اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 اور آئی 11 کے درمیان کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کچرا پھینکنے کا معاملہ اٹھائیں گی۔ وہ اس عمل سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی اور زیر زمین پانی کے آلودہ ہونے کے خدشات پر وزیر داخلہ و انسداد منشیات کی توجہ مبذول کرائیں گی۔
رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ بلوچستان کے شمالی پشتون علاقوں میں پانی کی قلت اور چیک ڈیموں کی عدم موجودگی کا معاملہ وزیر آبی وسائل کے سامنے اٹھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:فوج اور پی ٹی آئی کے ایک دوسرے کے خلاف ہونے کا تاثر غلط ہے، فیصل واوڈا
اجلاس کے دوران وقفہ سوالات اور قواعد کے تحت دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر تحریک تشکر پر بحث بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔













