ماضی میں چکوال اسپننگ ملز لمیٹڈ کے نام سے مشہور پاکستان کی آئی ٹی کمپنی کوانٹم ڈیٹا ٹیکنالوجیز (کیو ٹیک) نے توانائی ذخیرہ کرنے کے شعبے میں توسیع کے لیے چین کی کمپنی گوانگ ژو گریٹ پاور انرجی اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کا معاہدہ کیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بدھ کے روز جاری کردہ نوٹس کے مطابق، معاہدے کے تحت پاکستان میں جدید لیتھیم بیٹریوں اور توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام کی مرحلہ وار مقامی اسمبلنگ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت، چینی کمپنی سے ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے لیے معاہدہ
کمپنی کے مطابق مجوزہ منصوبے میں گھروں اور تجارتی مراکز کے لیے بیٹری پیک، صنعتی اور بڑے پیمانے کے توانائی ذخیرہ کرنے والے نظام، ڈیٹا سینٹرز، مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے بنیادی ڈھانچے اور الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق بیٹری انفرااسٹرکچر کے لیے حل شامل ہیں۔
Quantum Data Technologies (PSX: QTECH), formerly Chakwal Spinning Mills, has signed a strategic cooperation agreement with China’s Great Power Energy and Technology to explore local assembly of lithium-based battery storage systems.
The planned portfolio covers residential and… pic.twitter.com/D12FRuC93K
— Adeel Afzal (@AdeelAfzal06) October 14, 2026
کیو ٹیک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے بجلی کی قابلِ اعتماد فراہمی اور توانائی کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، کمپنی اس اقدام کو جدید ٹیکنالوجی کے کاروبار میں توسیع اور طویل مدتی سرمایہ کارانہ قدر بڑھانے کی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیتی ہے۔
مزید پڑھیں: چینی کمپنی گی اسپیِس اور پاک سیٹ کے درمیان سیٹلائٹ کنیکٹیوٹی کے فروغ کا معاہدہ
چین کی گریٹ پاور انرجی اینڈ ٹیکنالوجی لیتھیم بیٹریوں اور توانائی ذخیرہ کرنے کے حل کی تحقیق، تیاری اور فروخت میں سرگرم ہے، اس کی مصنوعات توانائی ذخیرہ کرنے، نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں، گھریلو اسمارٹ ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں استعمال ہوتی ہیں۔
کیو ٹیک پاکستان میں 31 جنوری 1988 کو پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہوئی تھی اور اس کی بنیادی سرگرمیاں آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کی فراہمی ہیں۔











