گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کو کے لیے اپنی ضرورت کے مطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپس بنانے اور انہیں عوامی طور پر شائع کیے بغیر استعمال کرنے کی سہولت فراہم کردی۔
گوگل کی نئی سہولت کے تحت صارفین گوگل اے آئی اسٹوڈیو کے ذریعے ایپس تیار کرکے اپنے عام گوگل اکاؤنٹس کی مدد سے اینڈرائیڈ فونز پر چلا سکیں گے۔ یہ ایپس نجی رہیں گی اور گوگل پلے اسٹور کی تلاش یا عوامی فہرستوں میں دکھائی نہیں دیں گی، بلکہ صرف انہیں بنانے والے صارفین استعمال کرسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل میپس میں نیا فیچر: اب ایپ آپ کے لیے کھانا بھی آرڈر کرے گی
گوگل کے مطابق اس اقدام کا مقصد ایپ سازی کو آسان بنانا اور صارفین کو اپنی انفرادی ضروریات کے مطابق ایپس تیار کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اس سے قبل اینڈرائیڈ کے لیے ایپس استعمال کرنے کی غرض سے انہیں عموماً گوگل پلے اسٹور پر شائع کرنا پڑتا تھا، جس کے باعث بہت سے لوگ ویب پر چلنے والی ایپس بنانے کو ترجیح دیتے تھے۔
View this post on Instagram
کمپنی کے مطابق نجی ایپس بنانے والوں کو بھی گوگل پلے کی موجودہ پالیسیوں پر عمل کرنا ہوگا۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت امریکا میں 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کے صارفین کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔
گوگل نے جلد ہی ان ایپس کو قابل اعتماد دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ شیئر کرنے کے اختیارات متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اگر کسی صارف کی تیار کردہ ایپ مقبول ہوجاتی ہے تو وہ پلیٹ فارم کے اعتماد اور تحفظ سے متعلق جائزے مکمل ہونے کے بعد اسے عوامی طور پر بھی شائع کرسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل پلے کی نئی پالیسی، متبادل ایپ مارکیٹس کو راستہ مل گیا
اس اعلان کے ساتھ گوگل نے اپنی گیمنگ اور ایپس کی تلاش سے متعلق سہولتوں میں بھی متعدد تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان میں گیم فائنڈر نامی مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولت شامل ہے، جو صارفین کی پسند اور گیمنگ کمیونٹی کی معلومات کی بنیاد پر انہیں کھیل تجویز کرے گی۔
کمپنی نے کمیونٹی پوسٹس کے نام سے ایک نئی سہولت بھی متعارف کرائی ہے، جس کے ذریعے صارفین کھیلوں سے متعلق سوالات پوچھ سکیں گے، اپنی پسند کے مطابق کھیلوں کی فہرستیں بنا سکیں گے اور 48 گھنٹے پر مشتمل گیمنگ مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے۔
گوگل پلے کے اندر موجود مصنوعی ذہانت کے معاون ‘اسک پلے’ کو بھی اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے تاکہ صارفین ملتی جلتی ایپس کا موازنہ کرسکیں۔ اس کے علاوہ گوگل پلے اسٹور کی ایپس اور کھیلوں کو جیمنی کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے مزید مربوط کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی سیٹلائٹ تصاویر کے خدشات، گوگل نے نیا اے آئی فیچر عارضی طور پر واپس لے لیا
گوگل نے والدین کے لیے عمر کی حد سے متعلق ایک نئی سہولت کا بھی اعلان کیا ہے، جس کے ذریعے وہ بچوں کی تاریخ پیدائش ظاہر کیے بغیر ایپ بنانے والوں کے ساتھ ان کی عمر کا گروپ شیئر کرسکیں گے۔














