سمندر کی تہہ میں’ٹائم کیپسول‘: اہرام مصر کے دور کا قدیم ترین بحری جہاز دریافت

بدھ 14 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ کے ساحل کے قریب ماہرین آثار قدیمہ نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دنیا کا قدیم ترین بحری جہاز دریافت کر لیا ہے۔ یہ جہاز انطالیہ میں کیکوا جزیرے کے قریب سمندر میں 30 میٹر گہرائی میں ایک زیر آب ڈھلوان پر پڑا ہوا ملا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹائم کیپسول: لیڈی ڈیانا کا اگلی نسلوں کے لیے دفن کردہ خزانہ وقت سے پہلے سامنے آگیا

یہ دریافت 4,400 سے 4,700 سال پرانی ہے یعنی ابتدائی کانسی کے دور کی جو عظیم اہرام مصر کی تعمیر کے زمانے سے ملتی جلتی ہے۔

اس دریافت نے یونان کے ڈوکوس کے قریب ملنے والے تقریباً 4,200 سال پرانے جہاز کا پچھلا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس بحری جہاز کی خصوصیات کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ بحیرہ روم کا ایک چھوٹا تجارتی جہاز تھا جس کی لمبائی تقریباً 10 میٹر تھی۔

جہاز کا لکڑی کا ڈھانچہ مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے اور باقی نہیں بچا۔ تاہم کچھ مٹی کے مرتبان (ایمفورا) صحیح حالت میں ملے ہیں جن میں چمکدار باقیات نظر آ رہی ہیں۔ محققین کا قیاس ہے کہ ان میں زیتون کا تیل، شراب، یا درختوں کی رال ہو سکتی ہے، یا یہ مرتبانوں کے طویل مدتی دوبارہ استعمال کا ثبوت ہے۔

اکدینیز یونیورسٹی ترکیہ کے پروفیسر حاکان اونیز، جنہوں نے میڈیٹرینین آرکیالوجی ایسوسی ایشن کی مہم کی قیادت کی، کا کہنا تھا کہ ’یہ بحری جہاز سمندر کی تہہ میں ایک ٹائم کیپسول ہے’۔

مزید پڑھیے: اسپاٹیفائی کی 20ویں سالگرہ: صارفین کے لیے یادگار ٹائم کیپسول متعارف

چونکہ ریڈیو کاربن ڈیٹنگ کے لیے کوئی لکڑی باقی نہیں بچی تھی اس لیے ماہرین آثار قدیمہ نے جہاز کی تاریخ کا تعین ایمفورا کے ڈیزائن کا تجزیہ کر کے کیا جو دو ہینڈلز، درمیان میں ابھار اور چپٹے پیندے پر مبنی ہے۔

پروفیسر اونیز نے تصدیق کی کہ یہ مٹی کے برتن 100 فیصد مصر اور مشرق وسطیٰ میں ملنے والے ابتدائی کانسی کے دور کے ایمفورا سے ملتے جلتے ہیں۔

30 میٹر گہرائی کی وجہ سے غوطہ خوروں کو نازک نوادرات کی احتیاط سے کھدائی اور بازیابی کے لیے صرف 30 منٹ کے سیشن تک محدود رہنا پڑا۔

مزید پڑھیں: بھاری مشینری کے بغیر اہرام مصر کیسے تعمیر ہوئے، معمہ حل ہوگیا

اس کے تاریخی پس منظر اور تجارتی راستے کی بات کی جائے تو یہ جہاز مشرقی بحیرہ روم کے ساحل سے آیا تھا کیونکہ یہ غالباً ٹرائے یا کریٹ میں مینوآن تہذیب کی طرف جا رہا تھا۔

کیکوا جزیرہ تیز ہواؤں اور لہروں کے لیے جانا جاتا ہے اور اس علاقے میں سینکڑوں بحری جہاز تباہ ہو کر پڑے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹائم کیپسول عام طور پر ایک ایسا ڈبہ یا کنٹینر ہوتا ہے جس میں موجودہ دور کی اہم چیزیں جیسے خطوط، تصاویر، سکے یا روزمرہ استعمال کی اشیا رکھ کر اسے زمین میں دفن کر دیا جاتا ہے تاکہ کئی سال بعد آنے والی نسلیں اسے کھول کر یہ جان سکیں کہ ماضی میں زندگی کیسی تھی تاہم اس خبر میں بحری جہاز کو ٹائم کیپسول ایک تشبیہ کے طور پر کہا گیا ہے کیونکہ یہ ہزاروں سال سے سمندر کی تہہ میں محفوظ رہ کر ماضی کی تجارت اور خوراک کے بارے میں معلومات فراہم کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مصر میں 5 ہزار سال پرانے مقبرے دریافت، اہرام کی تعمیراتی تاریخ اور ارتقاء پر نئی بحث کا آغاز

ترکیہ کی وزارت ثقافت کی ملکیت میں یہ بازیاب شدہ نوادرات انطالیہ میں آنے والے میڈیٹرینین انڈر واٹر آرکیالوجی میوزیم میں نمائش کے لیے رکھے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp