الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کرانے اور انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی تجویز کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے انتخابی پروگرام منظوری کے لیے فوری پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے 15 اکتوبر 2026 کو جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کے ارکان نثار احمد درانی، بابر حسن بھروانہ، جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان، سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار، کے پی اور اسلام آباد میں قانونی و انتظامی رکاوٹیں درپیش
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کے 2 اکتوبر 2026 کے خط اور مجوزہ انتخابی پروگرام کے جواب میں 14 اکتوبر کو مؤقف اختیار کیا کہ دسمبر میں شدید دھند اور سخت سرد موسم جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے آغاز کے باعث بلدیاتی انتخابات 3 مراحل میں اپریل 2027 میں کرائے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 219(3) کے تحت 20 اگست 2026 کو پنجاب حکومت کے ساتھ مشاورت مکمل کرلی گئی تھی، جس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ اب صوبائی حکومت ان تاریخوں میں تبدیلی چاہتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے اور انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں متعلقہ دفتر کو ہدایت کی گئی کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ پروگرام منظوری کے لیے فوری طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی انتخابات کی تیاری، ن لیگ پنجاب کا ہنگامی اجلاس طلب
اجلاس میں پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابی عملے کے لیے افسران کی فہرستیں فراہم نہ کرنے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے لیے مطلوبہ فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب اجلاس کو کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ 15 اپریل 2026 کو وزارت دفاع کے ایڈیشنل سیکریٹری اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مشاورتی اجلاس ہوا تھا۔ اس اجلاس میں الیکشن کمیشن نے سیکریٹری وزارت دفاع کو ہدایت کی تھی کہ وفاقی حکومت کو سمری بھیجی جائے تاکہ وہ کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کی دفعہ 19(ڈی) کے تحت الیکشن کمیشن سے کنٹونمنٹس میں انتخابات کرانے کی باضابطہ درخواست کرے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس معاملے پر وزارت دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط بھی بھیجے گئے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بھی خط ارسال کیا، تاہم اس سلسلے میں کوئی خاطرخواہ جواب موصول نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو قانون سازی کے لیے 3 ہفتوں کی مہلت دیدی
الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کرانے اور انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔ متعلقہ دفتر کو ہدایت کی گئی کہ کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا مجوزہ پروگرام بھی منظوری کے لیے فوری طور پر الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے۔










