امریکا میں بھارتی نژاد شخص کے ہاتھوں بیوی کا قتل، بھارت فرار ہونے کی کوشش ناکام

جمعہ 16 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی شہر شکاگو میں بھارتی نژاد 31 سالہ انکور پٹیل نے اپنی 32 سالہ علیحدہ رہائش پذیر بیوی کو مبینہ طور پر چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزم اپنی بیوی کی جانب سے سابق ساتھی کے ساتھ تعلقات قائم کرنے اور دوبارہ ازدواجی تعلق بحال کرنے سے انکار پر ناراض تھا۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔

واقعہ رواں سال اگست میں پیش آیا، جب دونوں کے درمیان علیحدگی کو تقریباً 3 ماہ گزر چکے تھے۔ خاتون مئی میں وسکونسن میں واقع گھر چھوڑ کر چلی گئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق خاندانی دباؤ پر وہ مختصر وقت کے لیے واپس بھی آئیں، لیکن بعد میں دوبارہ علیحدہ ہو گئیں اور اپنے نئے ساتھی کے ساتھ ریاست لوزیانا منتقل ہو گئیں۔

ان کی بیٹی ملزم کے پاس رہ رہی تھی۔ حکام کے مطابق ملزم نے بیوی اور اس کے نئے ساتھی کو قتل کرنے کی دھمکیاں بھی دی تھیں اور بیٹی سے بات کرنے سے روکنے پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے ہوتے تھے۔

یہ بھی پڑھیے شوہر کے قتل میں سزائے موت، مسکان اور ساحل نے کھانا پینا چھوڑ دیا

رپورٹس کے مطابق قتل سے تقریباً 2 ہفتے قبل انکور پٹیل شکاگو میں اپنے رشتہ داروں کے پاس منتقل ہو گیا اور بیٹی کو اپنی بیوی کی اطلاع کے بغیر بھارت میں اپنے والدین کے پاس بھیج دیا۔ بعد ازاں اس نے بیوی کو بیٹی سے ملنے کے لیے شکاگو بلایا۔ خاتون اپنے نئے ساتھی کے ہمراہ وہاں پہنچیں، تاہم انہیں معلوم ہوا کہ بیٹی گھر میں موجود نہیں۔ ملزم نے دوبارہ ساتھ رہنے کی خواہش ظاہر کی، لیکن خاتون نے انکار کرتے ہوئے اپنے نئے ساتھی کے ساتھ رہنے کا فیصلہ برقرار رکھنے کا کہا، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر ان کی گردن پر چاقو سے وار کیا۔

خاتون کا ساتھی باہر انتظار کرتا رہا اور رابطہ نہ ہونے پر پولیس کو اطلاع دی، تاہم ابتدائی طور پر پولیس متعلقہ اپارٹمنٹ کی شناخت نہ ہونے کے باعث واپس چلی گئی۔ بعد میں ملزم کے دوست اس کے گھر پہنچے تو خاتون کی لاش واشنگ مشین کے قریب پڑی ملی، جبکہ ملزم غائب تھا۔

یہ بھی پڑھیے بالی ووڈ فلم ’دریشیم 3‘ دیکھ کر بیٹے نے باپ کو قتل کردیا

پوسٹ مارٹم میں خاتون کے جسم پر دفاع کی کوشش کے دوران لگنے والے متعدد زخموں کی نشاندہی ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق ملزم قتل کے بعد شکاگو کے اوہیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا، لیکن ٹکٹ کاؤنٹر بند ہونے کے باعث بھارت جانے کا ٹکٹ نہ خرید سکا۔ اس نے مبینہ طور پر قتل میں استعمال ہونے والا چاقو ٹھکانے لگایا، ایک ہوٹل میں قیام کیا اور نئے کپڑے خریدے۔ اگلے روز بھارت کی پرواز کا ٹکٹ خریدنے کے بعد طیارے میں سوار ہونے سے پہلے پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

تفتیش کے دوران اس نے مبینہ طور پر اعتراف کیا کہ اس کا بیوی کو قتل کرنے کا ارادہ نہیں تھا، لیکن ان کے نئے ساتھی کے ساتھ رہنے کے فیصلے پر اس نے انہیں قتل کر دیا۔ ملزم پر فرسٹ ڈگری قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp