پوپ لیو چہاردہم اسپتال سے گھر منتقل، خیر خواہوں نے تالیوں اور نعروں سے استقبال کیا

اتوار 18 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پوپ لیو چہاردہم پھیپھڑوں کے کینسر کی سرجری کے 4 روز بعد ہفتے کو اسپتال سے ڈسچارج ہو کر ویٹیکن واپس پہنچ گئے، جہاں خیر خواہوں نے تالیوں اور پُرجوش نعروں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔

71 سالہ پوپ لیو چہاردہم کو جیمیلی اسپتال کی لابی سے پیدل باہر نکلتے دیکھا گیا۔ اس موقع پر وہ مسکراتے رہے، لوگوں سے ہاتھ ملایا اور خیر خواہوں کی جانب ہاتھ ہلا کر ان کے استقبال کا جواب دیا۔

روانگی سے قبل انہوں نے اپنا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور اسپتال حکام سے مختصر گفتگو بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا پوپ لیو چہاردہم کا آپریشن کامیاب

اسپتال سے روانگی کے وقت پوپ نے یوکرین سے تعلق رکھنے والی ایک بچی سے بھی ملاقات کی، جو کینسر سے صحت یاب ہو چکی ہے اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنا چاہتی تھی۔

اسپتال سے روانگی کے کچھ ہی دیر بعد پوپ کی سیاہ رنگ کی اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل ویٹیکن کے ایک داخلی راستے سے داخل ہوتی دیکھی گئی۔

پوپ کی اسپتال سے رخصتی نے گزشتہ 5 روز سے جاری غیر یقینی صورت حال کا خاتمہ کردیا، جس پر ویٹیکن اور دنیا بھر کے تقریباً ایک ارب 40 کروڑ کیتھولک مسیحیوں کی نظریں مرکوز تھیں۔

شکاگو میں پیدا ہونے والے پوپ لیو چہاردہم کی سربراہی میں کلیسا کو ابھی 2 سال بھی مکمل نہیں ہوئے۔

ویٹیکن کے مطابق، ہفتے کی صبح پوپ کے معالجین نے انہیں اسپتال سے فارغ کرنے کے لیے موزوں قرار دیا تھا۔

پوپ منگل سے ویٹیکن کے شمال میں واقع جیمیلی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں ڈاکٹروں نے کینسر کی رسولی نکالنے کے لیے ان کے دائیں پھیپھڑے کا ایک حصہ جراحی کے ذریعے نکالا تھا۔

مزید پڑھیں: جنگوں میں اے آئی کا استعمال، پوپ لیو مذمتی مکتوب ‘انسائیکلیکل’ جاری کریں گے

ڈاکٹر لوئیجی کاربونے اور ڈاکٹر اسٹیفانو مارجیٹورا نے ویٹیکن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا کہ خون کے ٹیسٹ، صبح کیے گئے سینے کے ایکسرے اور مجموعی طبی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد پوپ کو اسپتال سے فارغ کرنے کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔

ویٹیکن کے مطابق، پوپ لیو چہاردہم نے اسپتال میں قیام کے دوران ہفتے کی دوپہر بھی ایک کمرے میں عبادت کی، جو عمارت کی 10ویں منزل پر واقع ہے اور جہاں وہ صحت یابی کے مراحل سے گزر رہے تھے۔

پوپ نے اتوار کو سینٹ پیٹرز اسکوائر کے سامنے واقع اپوسٹولک پیلس کی کھڑکی سے روایتی دعائے انجلس پڑھنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا تھا، یہ دعا پوپ کی جانب سے ادا کی جانے والی ایک روایتی مذہبی عبادت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp