پروٹین سے بھرپور 20 غذاؤں کے ایک نئے جائزے میں ٹوفو کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، جب کہ پھلیاں، چیا کے بیج اور کوئنوا بھی بہترین غذاؤں میں شامل ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے فاکس نیوز کے مطابق یونیورسٹی آف کیمبرج کے محقق کرس میکڈونلڈ اور بیٹر پروٹین انسٹیٹیوٹ کے تیار کردہ اس نظام میں غذاؤں کو 40 نمبروں کے پیمانے پر جانچا گیا۔ اس میں غذائیت، قیمت، دستیابی اور ماحول پر اثرات کو مدنظر رکھا گیا۔
New protein ranking names unexpected winner over beef, salmon and eggs https://t.co/sMGTlA3t1y #FoxNews
— Patrick Casale (@PatrickCasaleNV) October 18, 2026
جائزے میں سویابین سے تیار ہونے والی غذا ٹوفو نے 40 میں سے 36 نمبر حاصل کیے۔ اسے غذائیت اور ماحول پر کم منفی اثرات کے حوالے سے بھی نمایاں قرار دیا گیا۔ اس کے برعکس موزریلا پنیر، بھیڑ اور گائے کا گوشت اور چیڈر پنیر فہرست میں نچلے درجوں پر رہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹوفو سے 100 گرام پروٹین حاصل کرنے کی تیاری کے دوران اندازاً 0.61 کلوگرام گرین ہاؤس گیسیں خارج ہوتی ہیں، جب کہ گائے کے گوشت کے لیے یہ مقدار 64.19 کلوگرام بتائی گئی۔ اسی طرح ٹوفو کی پیداوار کے لیے تقریباً 2 مربع میٹر زمین درکار ہوتی ہے، جب کہ گائے کے گوشت کے لیے یہ رقبہ تقریباً 211 مربع میٹر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزن کم کرنے اور پٹھے مضبوط کرنے کے لیے پروٹین کا استعمال کب کرنا چاہیے؟
تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ یہ درجہ بندی ابتدائی نوعیت کی ہے اور اسے غذائی رہنما اصول یا حتمی سائنسی نتیجہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس میں ہر غذا کی اتنی مقدار کا موازنہ کیا گیا ہے جس سے 100 گرام پروٹین حاصل ہو، نہ کہ ایک جیسی مقدار کے حصوں کا۔

ماہرین کے مطابق پروٹین کے انتخاب میں غذائیت کے ساتھ مقدار، جسم کی ضروریات اور ذاتی پسند کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔ ٹوفو مکمل پروٹین فراہم کرتا ہے، لیکن مختلف غذاؤں میں پروٹین کی مقدار الگ الگ ہوتی ہے۔ اس لیے صرف کسی درجہ بندی کی بنیاد پر اپنی غذا کا انتخاب نہیں کرنا چاہیے۔











