اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور وقت کی بچت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق آن لائن درخواست دینے کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت شہری گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے۔
اسلام آباد کے شہری اب اپنے لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی ہدایات پر شہریوں کو جدید اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کا لائسنسنگ نظام مکمل طور پر پیپر لیس ہوگیا، شہریوں کو بڑی سہولت فراہم
شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ویب پورٹل کے ذریعے ایک کلک پر ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان کے مطابق، پیر 19 اکتوبر سے ٹریفک ہیڈکوارٹر فیض آباد اور دیگر پولیس خدمت مراکز میں لرنر پرمٹ، لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے لیے درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی، جبکہ شہریوں کو ان خدمات کے لیے آن لائن درخواست دینا ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس ٹی سی ایس کے ذریعے شہریوں کی دہلیز تک پہنچائے جائیں گے، جس سے انہیں لائسنس وصول کرنے کے لیے دفاتر کے غیر ضروری چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل کی بہادری، 50 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند سے نواز دیا گیا
سی ٹی او کائنات اظہر خان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آن لائن درخواست دیتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل نمبر ضرور درج کریں، تاکہ لائسنس کی ترسیل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ غلط یا نامکمل پتہ درج کرنے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس کی ترسیل میں تاخیر ہوسکتی ہے۔
کائنات اظہر خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو جدید، آسان اور مؤثر آن لائن سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ شہریوں کی سہولت، وقت کی بچت اور خدمات تک آسان رسائی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔











