سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 3 مختلف آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 مبینہ دہشت گرد ہلاک کردیے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ضلع کوئٹہ، نوشکی اور خضدار میں ان کارروائیوں میں بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 71 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک
ضلع کوئٹہ کے علاقے پنجپائی میں دہشتگردوں نے مقامی ٹریفک کی آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
🚨 Operation Radd-ul-Fitna-3 | Noshki, Balochistan
🇵🇰 Security Forces eliminate 5 Fitna al-Hindustan terrorists in a successful operation on 17 October 2026.#RaddUlFitna3 #Noshki #Balochistan #PakistanArmy #CounterTerrorism pic.twitter.com/RlytSRRYxm
— Frontier Pulse (@FrontierPulse_2) October 18, 2026
دوسری جانب ضلع نوشکی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگا کر کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
اسی طرح ضلع خضدار میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے ایک اور آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر کارروائی کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک مبینہ دہشتگرد ہلاک ہوگیا، کارروائی کے دوران 490 کلوگرام دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: بلوچستان میں عسکری تنظیموں کی کارروائیاں، مقامی افراد اور معاشی سرگرمیاں متاثر
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے تینوں علاقوں میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ مزید دہشتگردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر انہیں کارروائیوں کے ذریعے ختم کیا جا سکے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کا خاتمہ ہے۔










