الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لیے انتخابی پروگرام جاری کر دیا ہے۔
جنرل نشستوں پر یونین کونسلوں کے نمائندوں کے انتخاب کے لیے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2015 کے قانون کے تحت ہوں گے، جبکہ پولنگ 20 دسمبر بروز اتوار منعقد کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل میں شفافیت، منصفانہ انتخابات کے انعقاد اور بدعنوانی سمیت غیرقانونی اثراندازی کی روک تھام کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آج جاری کرنے کا حکم
ان ہدایات کے تحت وفاقی ادارے ایسے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان نہیں کر سکیں گے جو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پر اثرانداز ہو سکتے ہوں۔
سرکاری وسائل کو کسی امیدوار کے حق میں استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سرکاری ملازمین کی جانب سے انتخابی نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا حکم@ECP_Pakistan #Islamabad #LocalBodyElections pic.twitter.com/swolmgshCb
— Zahid Khawaja 🪩 (@khawajaNNInews) October 21, 2026
انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں کے لیے الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، جبکہ امیدوار 2 نومبر سے 6 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو شائع کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 نومبر سے 13 نومبر تک ہوگی۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار، کے پی اور اسلام آباد میں قانونی و انتظامی رکاوٹیں درپیش
ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 14 نومبر سے 18 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ ان اپیلوں پر فیصلے 19 نومبر سے 23 نومبر تک کیے جائیں گے۔
امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 24 نومبر کو جاری ہوگی، جبکہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25 نومبر مقرر کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ پھر الجھ گیا، الیکشن کمیشن اور حکومت کے مؤقف میں کیا فرق ہے؟
اسلام آباد میں پولنگ 20 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی، جبکہ انتخابی نتائج کی یکجائی کا عمل 21 دسمبر سے 24 دسمبر تک جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
عام تعطیل کے باوجود الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ انتخابی امور بروقت نمٹائے جا سکیں۔










