ٹرین حادثات کے بعد ریلوے میں ایمرجنسی نافذ، افسران کی چھٹیاں 31 دسمبر تک منسوخ

اتوار 25 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے پے در پے حادثات اور پٹری سے اترنے کے واقعات کے بعد 31 دسمبر تک ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے افسران اور متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ہدایت کی ہے کہ مسافر کوچز، مال بردار ویگنوں، انجنوں، سگنلنگ نظام اور ریلوے کے دیگر بنیادی ڈھانچے کی خامیاں سال کے اختتام تک دور کی جائیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایمرجنسی کا اطلاق 24 اکتوبر سے ہوا ہے۔ اس دوران طبی رخصت کے سوا تمام چھٹیاں منسوخ رہیں گی اور افسران کو دفاتر کے بجائے عملی طور پر ریلوے نظام کی نگرانی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیر ریلوے نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وزیر ریلوے کے مطابق مسافر کوچز اور مال بردار ویگنوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوچز، ویگنوں اور انجنوں کے لیے پرزے، جن میں 36 ہزار بریک سلنڈر بھی شامل ہیں، پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 برس سے جمع ہونے والے مرمتی کام کے بیک لاگ کو ختم کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم کی پاکستان ریلوے میں کارپوریٹ طرز کی اصلاحات نافذ کرنے کی ہدایت

حنیف عباسی نے بتایا کہ 1,546 کوچز اور ویگنوں کی فنی جانچ مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ باقی تقریباً 3 ہزار کی جانچ 10 نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مقامی طور پر تیار کیے جا سکنے والے پرزے ریلوے ورکشاپس میں بنانے اور کنکریٹ و لکڑی کے سلیپرز کی ضرورت 30 نومبر تک پوری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر ریلوے نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ 31 دسمبر تک راولپنڈی سے لاہور کا سفر ٹرین کے ذریعے کریں گے۔ اسی طرح ریلوے افسران کو سرکاری دوروں کے لیے بھی ٹرین استعمال کرنے کا پابند بنایا گیا ہے، جبکہ معمول کے سرکاری دوروں کے لیے ہوائی سفر اور سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

پاکستان میں حالیہ مہینوں کے دوران ٹرینوں کے متعدد حادثات اور پٹری سے اترنے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صرف جولائی میں ایسے 7 واقعات رپورٹ ہوئے۔ حادثات کی بڑی وجوہات میں ریلوے پٹریوں کی خراب حالت، ناقص کوچز اور ویگنوں کا استعمال، دستی کانٹا نظام، انسانی غلطی، مرمت میں تاخیر اور وسائل کی کمی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp