پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے کیمرا مین واجد حسین کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ہو گیا، بیٹی اور داماد قاتل نکلے، دونوں ملزمان نے پولیس کے سامنے اعتراف جرم کر لیا، ملزمان نے بے دردی سے چھریوں کے وار کر کے مقتول کو قتل کیا۔
ایس پی پشاور کینٹ وقاص رفیق نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 3 روز قبل گلبرگ کے علاقے النور سٹریٹ میں ایک شخص کو گھر کے اندر بے دردی سے قتل کیا گیا تھا جس کی شناخت واجد حسین کے نام سے ہوئی ہے، مقتول واجد حسین پی ٹی وی میں کیمرہ مین تھے، پولیس نے قتل میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر 3 دن کے اندر اندر انہیں گرفتار کرلیا۔
’بیٹی نے شوہر سے مل کر جائیداد کی لالچ میں سگے باپ کو قتل کیا‘
مزید پڑھیں
وقاص رفیق نے بتایا کہ قتل کی تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے مقتول کے عزیز واقارب سمیت قریبی رشتہ داروں، گھر کے افراد، بیٹی اور داماد کو بھی شامل تفتیش کیا گیا، تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول واجد حیسن کو ان کی اپنی ہی بیٹی اور داماد نے مل کر قتل کیا، دونوں ملزمان اسلام آباد فرار ہو گئے تھے جہاں سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول واجد حسین کی بیٹی اور داماد نے ابتدائی تفتیش کے دوران وقوعہ کے اصل حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے مقتول کو جائیداد کے تنازعہ پر قتل کرنے کا انکشاف کیا، ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
سوشل میڈیا پر دوستی کر کے اغواء کرنے والا گروہ بے نقاب
دوسری جانب پشاور پولیس نے پشاور کے تھانہ پشتخرہ کی حدود باڑہ روڈ پر شہریوں کو سوشل میڈیا پر دوستی کر کے دھوکا دہی کے ذریعے گھر بلا کر اغواء کرنے اور مغویان سے بھاری رقم وصول کرنے والے نوسرباز گینگ کو بے نقاب کرنے کا دعوی کیا ہے۔
ایس پی پشاور کینٹ وقاص رفیق نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے چند روز قبل معظم فواد نامی شہری کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد تفتیش شروع کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے دوران نو سرباز گینگ کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کا تعلق مردان سے ہے، گینگ کے ملزمان کے قبضے سے شہریوں سے دھوکہ دہی کے ذریعے وصول شدہ رقم، 2 عدد موبائل فونز اور 1 موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔
گرفتار ہونے والے ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کرلیا ہے،ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔