سنگا پور کی قومی ایئر لائن، سنگاپور ایئر لائنز کا پاکستان سے آپریشنز کا فیصلہ، ایئر لائن 2022 بہترین ایئر لائنز میں شامل ہے۔
سنگاپور کی قومی ایئر لائن، سنگاپور ایئرلائنز (ایس آئی اے) نے جیریز انٹرنیشنل کو پاکستان میں اپنا جنرل سیلز ایجنٹ (جی ایس اے) مقرر کردیا ہے۔
اس بات کا اعلان کراچی میں منعقدہ ایک اہم تقریب کے دوران کیا گیا جس میں انڈسٹری کے پروفیشنل افراد، سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور دیگر سرکاری محکموں کے نمائندوں، کاروباری شعبے کی سینئر انتظامہ و دیگر نے شرکت کی۔
سنگاپور ایئرلائنز (ایس آئی اے) آف لائن کیریئر ہوگی جو اپنے دو آن لائن گیٹ وے شہروں دبئی اور کولمبو کے ذریعے کام کرے گی۔
ایس آئی اے کی جانب سے پاکستان کی معروف ایوی ایشن اور ٹریول سروسز کمپنی جیریز انٹرنیشنل کے ساتھ شراکت داری کی بدولت اسے پاکستان میں مضبوط قدم جمانے کی سہولت ملے گی۔
صارفین کو ایک قابل اعتماد ادارہ کے ذریعے ایئر لائن کے ساتھ رابطے کا موقع ملے گا۔ جیریز انٹرنیشنل پاکستان میں سنگاپور ایئر لائنز کو فروغ دے گا اور ایس کیو برانڈنگ کے ساتھ دفاتر فراہم کرے گا۔
سیلز، ریزرویشن اور ٹکٹنگ، مارکیٹنگ اور آفس ایڈمنسٹریشن سمیت مختلف شعبوں میں معاونت بھی فراہم کرے گا۔
سال 2022 کی بہترین کیریئرز کی فہرست میں شامل، سنگاپور ایئر لائنز بذات خود ایک برانڈ ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ ایوارڈ یافتہ ایئر لائن کے طور پر یہ اپنی عمدہ سروس اور بہترین کیبن مصنوعات کی فراہمیے کے لیے جانی جاتی ہے۔
سنگاپور ایئرلائنز، سنگاپور میں اپنے مرکزی مقام چنگی ایئرپورٹ سے کام کرتی ہے، جو بذات خود ایک منزل بھی ہے۔ سنگاپور ایئر لائنز گروپ کا نیٹ ورک دنیا بھر میں 100 سے زائد مقامات کا احاطہ کرتا ہے۔
پاکستانی مسافروں کی خصوصی دلچسپی کے مقامات میں سنگاپور، ملائیشیا، جاپان، چین، آسٹریلیا، امریکا اور کینیڈا شامل ہیں۔
سنگاپور ایئر لائنز کے جنرل منیجر گلف اینڈ مڈل ایسٹ کے اسون نے کہا، ”ہم پاکستانی مارکیٹ میں اپنی موجودگی میں وسعت لانے اور ترقی کے لیے جیریز کے ساتھ شراکت داری پر خوش ہیں۔
’ہم پاکستان سے آنے والے مسافروں کو سنگاپور ایئرلائنز کی منفرد سروس، تجربے اور مصنوعات سے لطف اندوز ہونے کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں‘۔
جیریز گروپ کے گروپ ڈائریکٹر ارشد ولی محمد نے ایس آئی اے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’سنگاپور ایئر لائنز کے ساتھ شراکت داری کرنے اور جی ایس اے کے طور پر پاکستان میں اس کی نمائندگی کرنے پر جیریز فخر محسوس کرتا ہے‘۔
ایس آئی اے ایک رجحان ساز اور انڈسٹری چیلنجر کی ساکھ رکھتا ہے۔ جس میں مسلسل جدت بڑھانے کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
واضح رہے سنگار پور ایئر لائنز کی جانب سے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل ہی برطانوی ایئرلائن ورجن اٹلانٹک نے گزشتہ روز پاکستان کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایئرلائن کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کمپنی لندن کے ہیتھرو اور لاہور اور اسلام آباد کے درمیان اپنی سروس معطل کرنے جارہی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا ہم 2023 میں فلائنگ پروگرام کو بڑھا رہے ہیں۔ نیٹ ورک کا جائزہ لینے کے بعد کچھ تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔