ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد، علاقوں کی بحالی اورتعمیرنو کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک سال قبل آنے والے بدترین سیلاب سے پاکستان میں 33 ملین لوگ متاثر ہو گئے تھے، ایشیائی ترقیاتی بینک بحالی اورماحولیاتی موزونیت کے مختلف منصوبوں میں 554 ملین ڈالرکی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں
بیان میں بتایا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پلوں، واٹرسپلائی، ضروری نہروں اورکھالوں میں پانی کی فراہمی، زراعت اورلائیوسٹاک کے شعبہ جات میں پاکستان کوامداد فراہم کی جا رہی ہے۔
بیان کے مطابق بلوچستان کے 60 ہزارکسانوں میں چاول کے بیج کی فراہمی ایف اے اوکے تعاون سے عمل میں لائی گئی ہے جس کے لیے جاپان کی حکومت نے مالی معاونت فراہم کی ہے۔
اسی طرح خواتین کسانوں کوٹول کٹس اورحفاظتی فٹ وئیرز کی فراہمی بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں گزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد اورعلاقوں کی بحالی، تعمیرنو اورماحولیاتی لحاظ سے موزوں بنیادی ڈھانچہ کھڑا کرنے میں تعاون جاری رکھنے میں پرعزم ہے۔