اینٹی نارکوٹکس فورس انٹیلیجنس نے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کوئٹہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ٹرک سے سوا 2 ٹن سے زائد منشیات برآمد کرکے 4 اسمگلر گرفتار کرلیے ہیں۔
مینگل آباد کوئٹہ کے قریب مغربی بائی پاس پر عمل میں لائی گئی اینٹی نارکوٹکس فورس یعنی اے این ایف کی اس کارروائی میں مجموعی طور پر 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران ٹرک کے ہمراہ ایک چھوٹی گاڑی بھی پکڑی گئی ہے، جو سہولت کی خاطر ٹرک کے ہمراہ تھی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق 2 ہزار 330 کلوگرام چرس ٹرک پر نصب سیمنٹ مکسچر مشین میں بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھی۔ ٹرک کے ہمراہ پکڑی جانیوالی چھوٹی گاڑی میں سوار 2 ملزمان سہولت کار کے طور پر ٹرک کو روٹ کلیئر کروا رہے تھے۔
’دوران کارروائی گاڑی اور ٹرک میں سوار مجموعی طور پر چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن کا تعلق قلعہ عبداللہ، کوئٹہ اور چمن سے ہے۔ملزمان منشیات چمن سے براستہ کوئٹہ اندرون سندھ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔‘
چاروں گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزمان سے گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔