کراچی پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے بندرگاہ سے متصل علاقے کیماڑی کی حدود میں بہن اور بہنوئی کو قتل کرنے والے سفاک ملزم کو بالآخر گرفتار کرلیا ہے، مقتول میاں بیوی نے 4 سال قبل پسند کی شادی کی تھی۔
مزید پڑھیں
موچکو پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے کے مطابق رواں ماہ 7 تاریخ کو موچکو کے علاقے رئیس گوٹھ میں دوہرے قتل کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں جاوید اور اس کی بیوی دیدار فائرنگ سے ہلاک ہوگئے تھے جبکہ ان کی ڈیڑھ سالہ بچی زخمی ہوگئی تھی۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن توحید رحمٰن میمن نے بتایا کہ مقتول میاں بیوی نے 4 سال قبل پسند کی شادی کی تھی اور رئیس گوٹھ میں رہائش پذیر تھے۔
’واردات کے بعد ملزمان فرار ہوگئے تھے جنکی گرفتاری کے لئے تشکیل کردہ تفتیشی ٹیم نے سب انسپکٹر ممتاز تنولی کی سربراہی میں تکنیکی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے دوہرے قتل میں ملوث ایک ملزم ملوک حسین کو گرفتارکر لیا ہے۔‘
واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 103/2024 بجرم دفعہ 302/324/34 ت پ پسران محمد حسین یعنی مقتول مسمات دیدار کے بھائیوں ملوک حسین، شکیل اور شبیر کے خلاف درج کیا گیا تھا۔
پولیس اعلامیہ کے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملزمان کو بھی جلد گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔